ہر صورت آئیسکوریجن سے بجلی چوری کے چیلنج کو پورا کرینگے ، شاہد اقبال
راولپنڈی (سٹی رپورٹر)آئیسکوچیف چوہدری شاہد اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور وزات توانائی ( پاور ڈویژن)کی ہدایات کی روشنی میں بجلی چوری کے خاتمے کیلئے شروع کی جانے والی مہم میں آئیسکو نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کررہی ہے اور ہم ہر صورت آئیسکو ریجن سے زیرو بجلی چوری کے چیلنج کو پورا کریں گے، جس طرح آئیسکو کم لائن لاسز ، بہترین ریکوری ، 100فی صد تک درست موبائل میٹر ریڈنگ اور دیگر شعبوں میں نمایاں حیثیت کی حامل ہے اسی طرح انسداد بجلی چوری کی مہم میں بھی ہم اپنی انفرادی حیثیت برقرا ر رکھیں گے۔ ترجمان اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق آئیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے اور آئیسکو کے پانچوں آپریشن سرکلز میں ڈپٹی کمشنر ز، اسٹنٹ کمشنر ز اور آئیسکو کی خصوصی قائم کردہ ٹاسک فورسز بجلی چوری کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل میں ہیں ۔ ماہ نومبر کے دوران آئیسکو ریجن سے ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کے تعاون سے کنڈا سسٹم ( ڈائریکٹ کنکشن)، شنٹ، میٹر میں سوراخ کرکے اور سلو میٹر کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث673بجلی چوروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی اور ان کو18لاکھ یونٹس چارج اور 1کروڑ 70لاکھ روپے سے زائد کا جر مانہ عائد کیا گیاجبکہ انکے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز کا اندراج بھی کروایا گیا۔آئیسکو چیف چوہدری شاہد اقبال نے کہا ہے کہ بجلی چور ملک ، قوم اور ادارے کے مشترکہ دشمن ہیں اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ صارفین کے تعاون سے مشروط ہے ۔ انسداد بجلی کی مہم کی کامیابی کا دارومدار ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور آئیسکو افسران و عملہ کی محنت اور کاوشوں کے ساتھ ساتھ صارفین کی اس مہم میں شمولیت پر ہے۔ صارفین کسی بھی جگہ کی جانے والی بجلی کی اطلاع قریبی آئیسکو دفاتر کو دے کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں تا کہ بجلی چوری کی لعنت سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔ ترجمان آئیسکوکے مطابق آئیسکو چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث افرادسے سختی سے نمٹا جائے گا اور آئیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں جاری رہیں گی۔انھوں نے تما م فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار چیک کیا جائے اور ٹاسک فورس اور مقامی میڈیا کی مدد سے بجلی چوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انکے خلاف کاروائی کی جائے اورکسی قسم کے دباؤمیں آئے بغیر اس مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔