جسمانی معذور خصوصی توجہ سے مستحق ہیں، حاجی گلزار اعوان

جسمانی معذور خصوصی توجہ سے مستحق ہیں، حاجی گلزار اعوان

راولپنڈی ( سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ جسمانی معذوری رکھنے والوں کو قدرت نے ذہنی و فکری طور پر زیادہ نواز رکھا ہوتا ہے اور ہمارے معاشرے سمیت دنیا بھر میں ایسی مثالیں موجود ہیں کہ جسمانی معذوری رکھنے والے بے شمار افرادجسمانی طور پر مکمل صحت مند لوگوں سے زیادہ کامیاب اور ذہین ہیں . ایسے افراد ہماری معاشرتی چہل پہل میں ہماری خصوصی توجہ اور رویے کے مستحق ہوتے ہیں . انہو ں نے ان خیالات کا اظہار معذور افراد کے عالمی دن کے حوالے سے پیپلز سیکریٹریٹ امن ہاؤس پشاور روڈ راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا . معروف شاعر ، دانشور اور امن ہاؤس کے ترجمان راجہ ساجد کلیم کیانی ، ایم اشرف ناصر ، اللہ بخش ، ملک یاسر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے . حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ باہمت لوگ جسمانی معذوری کے باوجود زندگی کی دوڑ میں پورے عزم و ہمت کے ساتھ شامل ہوتے ہیں اور وہ زیادہ اچھی دماغی صحت اور فکری صلاحیتوں سے نوازے گئے ہوتے ہیں تاہم روز مرہ زندگی کی چہل پہل میں ہمارا سامنا جب بھی ایسے لوگوں سے ہو تو ہمیں چائییے کہ ضرورت کی صورت میں ان کی مدد کریں . یہ افراد ہمارے خصوصی رویوں اور توجہ کے مستحق ہوتے ہیں . انہوں نے کہا کہ ہماری صحت کی زکواۃ اور صدقہ یہ بھی ہے کہ ہم ایسے خصوصی افراد کے ساتھ انتہائی نرم اور مشفقانہ رویہ اپنائیں . انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جسمانی طور پر معذور مگر ذہنی حوالے سے زیادہ صحت مند لوگوں کی صلاحیتوں سے استفادہ اٹھانے کیلئے سرکاری و غیر سرکاری شعبے میں ان کی نوکریوں کا کوٹہ بڑھائے . ایسے لوگ دوسروں کے مقابلوں میں زیادہ دل جمعی کے ساتھ کام کرتے ہیں .دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ جسمانی معذوری کے باوجود کئی لوگ معاشی و کاروباری حوالے سے صحت مند لوگوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب ہیں جو ہمارے لئے ایک سبق اور کامیاب ہونے کی تحریک ہیں .

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر