الاسکا ، 2 دن میں 545 مرتبہ زلزلہ

الاسکا ، 2 دن میں 545 مرتبہ زلزلہ

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست الاسکا میں گزشتہ دو دن میں 545زلزلے آئے جنہوں نے ہولناک تباہی مچا دی ہے اور ریاست کی تمام موٹرویز تک اکھڑ گئی ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق جمعہ کے روز پہلا بڑا زلزلہ آیا۔ ریکٹرسکیل پر اس کی شدت 7تھی۔ یو ایس جیالوجیکل سروے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد سے ریاست میں 545آفٹرشاکس آ چکے ہیں جن میں سے ایک کی شدت 5.7 اور چار کی 4.5 تھی۔ اتنی بڑی تعداد میں زلزلوں نے پوری ریاست کا نظام درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے اور لوگ ہزاروں کی تعداد میں شاہراہوں پر پھنس چکے ہیں۔ایک خاتون سیرا کیلہن نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ اور اس کا شوہرموٹروے پر سفر کر رہے ہوتے ہیں۔ موٹر وے جگہ جگہ سے ٹوٹ کو نیچے دھنس چکی ہوتی ہے تاہم ان کے پاس چونکہ ’سی جے 7‘ جیپ ہوتی ہے چنانچہ وہ وہاں سے نکل جانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں لیکن جن لوگوں کے پاس کاریں ہوتی ہیں وہ وہاں پھنسے ہوئے ہوتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق الاسکا ٹرانسپورٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے تمام تر انسپکٹرز کو فیلڈ میں بھیج رکھا ہے جو ایک اک پل اور دیگر انفراسٹرکچر کی چیکنگ کر رہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر