حکومت کو آئینی ترمیم کیلئے اپوزیشن کے منت ترلے کرنے پڑیں گے، سعید غنی نے واضح کردیا

حکومت کو آئینی ترمیم کیلئے اپوزیشن کے منت ترلے کرنے پڑیں گے، سعید غنی نے ...
 حکومت کو آئینی ترمیم کیلئے اپوزیشن کے منت ترلے کرنے پڑیں گے، سعید غنی نے واضح کردیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہاہے کہ حکومت کو 243میں ترمیم کیلئے دوتہائی اکثریت چاہئے ، یہ حکومت کو کرنا پڑے گا اور اس کے بغیر حکومت کا معاملہ سیدھا نہیں ہوگا ۔حکومت کو آئینی ترمیم کیلئے اپوزیشن کے منت ترلے کرنے پڑیں گے۔

جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ آصف زرداری پر ابھی تک نہ کوئی جرم ثابت ہواہے اور نہ ہی ان کو نیب نے جسمانی ریمانڈ پررکھا ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت کی درخواست آصف زرداری پہلے بھی دے سکتے تھے ، ان کی صحت کا ایشو اس وقت سے موجود ہے جب وہ پہلی بار جیل میں گئے ۔ وہ دل کے بڑے پرانے مریض ہیں اور انسولین وہ روزانہ لیتے ہیں جب وہ گرفتار نہیں ہوئے تھے تو ان کی صحت اس طرح نہیں تھی جیسی تیس سال پہلے تھی ۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو دومرتبہ سرکار ی میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ہسپتال لایا گیا ہے اور اب آصفہ بی بی کے اصرار پر آصف زرداری نے طبی بنیادوں پر بیل اپلائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر ضمانت مل گئی تو وہ باہر جانے کوترجیح نہیں دینگے بلکہ ملک میں ہی اپنا علاج کروائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو 243میں ترمیم کیلئے دوتہائی اکثریت چاہئے ، یہ حکومت کو کرنا پڑے گا اور اس کے بغیر حکومت کا معاملہ سیدھا نہیں ہوگا ۔حکومت کو ترمیم کیلئے اپوزیشن کے منت ترلے کرنے پڑیں گے بصورت دیگر گھربیٹھ کر گالیاں دینے سے یہ نہیں ہوگا ۔

مزید : قومی