جاپانی انجینئرز کا ویسٹ واٹر ٹریمنٹ پلانٹ سورج میانی کا دورہ

      جاپانی انجینئرز کا ویسٹ واٹر ٹریمنٹ پلانٹ سورج میانی کا دورہ

  



ملتان (سپیشل رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا راؤ محمد قاسم نے کہا ہے کہ واسا پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے ملتان کے شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب جیسی (بقیہ نمبر39صفحہ7پر)

بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے پنجاب حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے پانچ ہزار سال سے آباد تاریخی شہر ملتان میں سیوریج کے پانی کو درست طریقے سے ٹھکانے لگانے اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام ایک چیلنج بن چکا ہے تاہم حکومت کے تعاون سے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے 40 ارب روپے کے میگا پراجیکٹ کے حوالے سے تیزی سے کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ واسا ملتان کی مشینری اور آپریشن مینٹینینس کے لئے موجود گاڑیاں پرانی ہونے سے فیلڈ میں مشکلات کا سامنا ہے جاپانی حکومت ہمیں پیشہ وارانہ امور میں تربیت دینے کے ساتھ ساتھ مشینری سے متعلق مسائل دور کرنے میں بھی تعاون کرے انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا)کے واسا مشینری کا جائزہ لینے کے لئے آنے والے وفد سے ہیڈ آفس شمس آباد میں ملاقات اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سورج میانی کے دورہ کے موقع پر کیا پانچ رکنی جاپانی انجینئرز کے وفد میں سینئر کنٹری آفیسر ساؤتھ ایشیاء ڈویژن ٹوکو موٹو آیا سمیت دیگر سیوریج،واٹر سپلائی اور ماحولیات سے متعلق ماہرین شامل تھے جب کہ اس موقع پر وفد کو واسا کے تمام امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نسیم خالد چانڈیو سیوریج،واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر زو دیگر افسران بھی موجود تھے اس دوران ایم ڈی واسا نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا ملتان کی 65 فیصد شہری آبادی کو 2139کلومیٹر طویل سیوریج نیٹ ورک کے ذریعے نکاسی آب جبکہ 55 فیصد آبادی کو فراہمی آب کی سہولت فراہم کی جارہی ہے واسا صارفین کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جس میں بڑی تعداد گھریلو صارفین کی ہے جن کی کل تعداد3 لاکھ 17 ہزار ہے انہوں نے کہا کہ واساکا ٹیرف انتہائی کم ہونے سے ادارہ کو مالی بحران کا سامنا ہے تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والی سبسڈی سے تنخواہوں اور دیگر ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے اس دوران وفد سے کہا کہ وہ جاپانی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے واسا ملتان کی پرانی مشینری کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ماہرین کی ٹیم کو بھجوایا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ٹیم درپیش صورتحال کا جائزہ لے کر جاپان کی حکومت کو رپورٹ پیش اور نئی،جدید مشینری کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرے گی۔

واسا/دورہ

مزید : ملتان صفحہ آخر