لیاقت پور‘ صاف پانی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس لگوائے جائیں گے‘ مخدوم مبین احمد

  لیاقت پور‘ صاف پانی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس لگوائے جائیں گے‘ مخدوم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لیاقت پور(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مبین احمدنے کہاہے کہ لیاقت پور کو ضلع کا درجہ دلانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو پینے کے صاف پانی(بقیہ نمبر15صفحہ12پر)

کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ فلٹریشن پلانٹس لگوائے جائیں گے۔ سوئی گیس اور بجلی سے محروم علاقوں کا سروے کروالیاگیاہے۔ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد رفیق چوہدری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحصیل ہیڈکوارٹر لیاقت پور پوری تحصیل کی شناخت ہے نئے ویژن کے مطابق اس کو بہتر بنایاجائے گا۔ تحصیل ہسپتال کی صورت حال افسوسناک ہے۔ یہاں صحت کی تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت پور شہر میں ٹف ٹائلز اور سولنگ کے منصوبوں کیلئے دو کروڑ روپے دیئے ہیں۔ مگر یہ رقم بہت کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز لیاقت پور سے سو سو کلومیٹر دور ہیں۔ وہاں تک پہنچنے کیلئے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوتاہے۔ لیاقت پور کو ضلع کا درجہ دلانے کیلئے ان کی وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ جبکہ بہاول پور ڈویژن سمیت دیگرعلاقوں کے دس ارکان قومی اسمبلی بھی اس ایشو پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ مخدوم مبین احمد نے کہاکہ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد رفیق چوہدری مخادیم محسن آباد کے دیرینہ رفیق ہیں۔ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں بھی لیاقت پور شہر میں انہیں کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں گے۔ وہ نئے آنے والے دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں مگر پرانے ساتھیوں کی رفاقتوں کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا۔ راشد رفیق چوہدری گروپ نے گذشتہ دنوں قومی انتخابات میں مخادیم محسن آباد کی دل و جان سے سپورٹ کی تھی۔ اس لئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجائیگا۔ میونسپل کمیٹی کے آئندہ الیکشن میں گروپ کی سربراہی راشد رفیق چوہدری ہی کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راشد رفیق چوہدری نے مخدوم سید مبین احمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ تین سال کے دوران ان کے گروپ میں لیاقت پور شہر کے متعدد سابق کونسلرز اور عمائدین شامل ہوئے ہیں جو مخادیم محسن آباد کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں بھی اپنے گروپ کی طرف سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ تقریب راشد امین چوہدری، خالد محمود بلوچ اور آصف وڑائچ،فضل خان بلوچ، خالد رفیق چوہدری نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر سابق وائس چیئرمین بلدیہ حاجی محمد سلیم،سابق کونسلرز عبدالرشید شاکر، طارق شاد، ماجد ریاض، سکندر خان پہلوان، خالد علی انجم، حیدرعلی ڈھلوں،راشد خان بلوچ، سجاد خان‘بھورا رام کے علاوہ نصیر کمبوہ، شکیل اسلم، سید ناصر حسین شاہ، ڈاکٹر عاکف مظہر، چوہدری محمد اشفاق، قاضی ظفرنوید، روحیل محمود، اسلم بیرا، محمد حسین راجپوت، شاہد خان سنجرانی، ظفربیرا، شماس خالد چوہدری، سید رضاگیلانی، رئیس محمد اسلم اور دیگر شریک ہوئے۔
مخدوم مبین احمد