مخدوم رشید‘ لائیو سٹاک ٹیم کا آپریشن‘ کھل بنانے والی جعلی فیکٹری سیل

  مخدوم رشید‘ لائیو سٹاک ٹیم کا آپریشن‘ کھل بنانے والی جعلی فیکٹری سیل

  



مخدوم رشید (نامہ نگار) 19کسی وہاڑی روڈ پر کھل بنانے والی جعلی فیکٹری کے خلاف آپریشن کیا گیا تفصیل کے مطابق تھانہ مخدوم رشید کے علاقہ 19کسی پر عرصہ دراز سے جعلی کھاد تیار(بقیہ نمبر21صفحہ12پر)

ہورہی تھی، کھل کی تیاری میں بغیر بنولے کے گندی روئی جو بھٹوں میں جلائی جاتی ہے استعمال کی جا رہی تھی، اس میں مختلف کیمیکل اور رنگ استعمال کر کے کچرے سے عرصہ دراز سے کھل تیار کرکے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جارہی تھی، گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک کاشف الرحمن نے کاروائی کرتے ہوئے فیکٹری سیل کر دی، جس میں سینکڑوں من خام مال بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ کچھ مقدار میں کھل تیار بھی ہو چکی تھی،کاروائی کے دوران فیکٹری کے 3گوداموں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے، کاشف الرحمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی فیکٹریاں انسان و جانور دشمن فیکٹریاں ہیں اور ان کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان بچوں کو ہوتا ہے جو کہ دودھ کے ذریعے ہوتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تمام فیکٹریوں کے خلاف آپریشن جاری کردیا ہے، جلد ہی معاشرے کے ناسوروں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے، اس کاروائی میں ڈاکٹر عثمان وٹرنری آفیسر ملتان اور ڈاکٹر ندیم اقبال وٹرنری ہسپتال مخدوم رشید سمیت دیگر عملہ بھی موقع پر موجود تھا،فیکٹری پکڑنے کے فوراً بعد 15پر کال کی گئی، مگر حسبِ روایت پولیس 3گھنٹے دیر سے پہنچی، محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے استغاثہ پیش کرنے پر تھانہ مخدوم رشید کی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

سیل

مزید : ملتان صفحہ آخر