مکہ چیمبر کا وفد کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کیلئے اگلے ماہ فیصل آباد کا دورہ کریگا

مکہ چیمبر کا وفد کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کیلئے اگلے ماہ فیصل آباد کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 فیصل آباد (بیورورپورٹ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے آئندہ سال جنوری میں مکہ چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کا مختصر وفد فیصل آباد کا دورہ کرے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے 36رکنی وفد کے سربراہ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے سعودی عرب کے دورے سے واپس پر بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر کے طور پر اپنے دور کا آغاز حجاز مقدس کے دورے سے کرنے کی نیت کی تھی اور الحمد اللہ اس سلسلہ میں 36رکنی وفد کا مکہ اور مدینہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا جبکہ اس دوران انہوں نے اعلیٰ مذہبی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں بھی خصوصی پروٹوکول کے ساتھ عبادات کیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے صدر شیخ عبدلرحمن السدیس سے اگرچہ ان کی ملاقات نہ ہو سکی، مگر ٹیلی فون پر انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پاکستان آئے تولازماً فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کا بھی دورہ کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اگر کسی وجہ سے وہ نہ آسکے تو پھر امام کعبہ یا امام مسجد نبوی ضرور فیصل آباد آئیں گے۔ انہوں نے ملاقات نہ ہونے کے ازالہ کے طور پر اپنے خرچ پر فیصل آباد چیمبر کے دس سے پندرہ ممبروں کو حج یا عمرہ پر بلانے کا بھی وعدہ کیا۔ مکہ چیمبر کے نائب صدر مروان شعبان نے بتایا کہ سعودی عرب کو شاہ فیصل کے حوالے سے خاص نسبت ہے، مگر آج تک کسی نے تجارتی تعلقات کے حوالے سے اُن سے بات ہی نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سعودی عرب کے تاجروں کے باقاعدہ وفد سے قبل خود فیصل آباد کا دورہ کریں گے تاکہ اس مجوزہ وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب بڑی تعداد میں گارمنٹس درآمد کرتا ہے جبکہ سعودی سرمایہ کار بھی اپنی فیکٹریاں قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہو گی کہ ان میں سے زیادہ سے زیادہ فیکٹریاں ایم تھری انڈسٹری سٹی میں لگائیں۔ اسی طرح سعودی عرب تیار خوراک کے سلسلہ میں بھی پاکستان سے رابطے بڑھا سکتا ہے۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری رانا محمد سکندر اعظم خاں نے سعودی سرمایہ کاروں کو بتایا کہ پاکستان سعودی عرب سے امداد نہیں بلکہ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔
 اور انہیں یقین ہے کہ سعودی سرمایہ کار اس سلسلہ میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ فیصل آباد چیمبر کے وفد نے غلاف کعبہ بنانے والی فیکٹریوں کے علاوہ دیگر مقا مات مقدسہ کی بھی زیارت کی جبکہ سعودی عرب کی ممتاز شخصیات نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد کے اعزاز میں دعوتوں کا بھی خصوصی اہتما م کیا۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے اس وفد کے دورہ کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں خاص طور پر حج اینڈ عمرہ بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حافظ شفیق کاشف کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حاجی اسلم بھلی، ایوب اسلم منج، حبیب الرحمن گل، رانا اکرام اللہ، میاں عبدالوحید اور دیگر ممبران نے بھی مختصر خطاب کیا جبکہ آخر میں حافظ شفیق کاشف نے دعا کرائی۔ 

مزید :

کامرس -