صنعتکار برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو
لاہور(کامرس ڈیسک) لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ صنعتکار برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ بجلی کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان پیر ناظم حسین شاہ، چیئرمین پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن رحمن عزیز چن، لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی کے کنوینر عاصم صدیق اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر حارث عتیق وفد میں شامل تھے۔ مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن سسٹم اور لائن لاسز کی صورتحال ماضی کی نسبت آج بہت زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو بہترین خدمات مہیا اور بجلی کی پائیدار و محفوظ نظام دینا لیسکو کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ صنعتکاروں، بالخصوص سٹیل میلٹرز کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ گروتھ ریٹ کا بڑا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے صنعتی شعبے کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ضرورت ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ لیسکو کو اس حقیقت کا ادراک ہے اور وہ اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صنعتکار برادری کے حقیقی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی کے کنوینر عاصم صدیق نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز پر آر ٹی وی کوٹنگ کرکے فوگ اور سموگ کی وجہ سے ٹرپ کے مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔ لیسکو چیف نے تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔