وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) منگل کو ہوگا جس میں متعدد اہم امور زیر غور آئیں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 10نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔اجلاس میں کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق ہوگی۔ آزاد جموں و کشمیر کے مالی سال 20-2019کے پراپرٹی بجٹ کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس میں پاکستان اکادمی ادبیات کے چیئرمین کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا جبکہ کابینہ کو مسابقتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔کابینہ کو یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن سے متعلق تفصیلی بریف کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں کمسن بچوں کی عدالتوں کے قیام کی منظوری بھی شامل ہے۔اس سے قبل 26 نومبر کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارت سے کیڑے مار دوا اور پولیو مہم کے لیے فنگر مارکر کی درآمد کی تجویز دی گئی جسے کابینہ نے مسترد کردیا۔گزشتہ اجلاس میں کابینہ نے عالمی ادارہ خوراک کو کراچی سے کابل گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس لے جانے کی اجازت دی تھی۔ اجلاس میں پی ٹی وی کے ایم ڈی عمار منظور کی تعیناتی اور تنخواہ و مراعات کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

وفاقی کابینہ

مزید : صفحہ اول