ماضی میں نظر انداز شعبہ تعلیم پر سرمایہ کاری کر کے نئی نسل کو محفوظ مستقبل دینگے: عثمان بزدار

        ماضی میں نظر انداز شعبہ تعلیم پر سرمایہ کاری کر کے نئی نسل کو محفوظ ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ شعبہ تعلیم کو گزشتہ 7 دہائیوں سے اہمیت نہیں دی گئی، تعلیم پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنی نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل دیں گے، ”دی نیو ڈیل‘‘ کے تحت پرائمری لیول تک تعلیم قومی زبان اردومیں دی جائے گی،نئی تعلیمی پالیسی ”دی نیو ڈیل“ کے ذریعے ایجوکیشن سیکٹر میں دور رس تبدیلیاں لارہے ہیں،امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پرپوری توجہ دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ”انصاف آفٹرنون سکول“کا پروگرام تحریک انصاف کا اختراعی منصوبہ ہے۔”انصاف آفٹرنون سکول“ پروگرام کے ذریعے سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”انصاف آفٹر نون سکول“ پروگرام شعبہ تعلیم میں حقیقی تبدیلی کا نقیب ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرناہماری ذمہ داری ہے۔تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات ملک کے روشن مستقبل اور نئے پاکستان کی بنیاد بنیں۔تعلیمی نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجا رہاہے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ جی پی او سے میاں میر پل تک ریڈ زون میں کسی قسم کا احتجاج، جلسہ، جلوس نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی مال روڈ ریڈزون کے قانون پر سختی سے عملدر آمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج، جلسہ، جلوس کیلئے الگ جگہ مختص کی جائے۔  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں غباروں میں گیس بھرنے کی ٹینکی پھٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ نے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیاہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب رکن صوبائی اسمبلی سرفراز کھوکھر کی رہائش گاہ شاہ پور گئے،وزیراعلیٰ نے والدہ کے انتقال پر ایم پی اے سرفراز کھوکھرسے اظہارتعزیت کیا۔وزیراعلیٰ نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اردن کے شہر کرامہ میں آتشزدگی سے پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول