بشیر میمن کو علی زیدی کی شکایت پر ہٹایا  گیا، اندرونی کہانی سامنے آگئی 

بشیر میمن کو علی زیدی کی شکایت پر ہٹایا  گیا، اندرونی کہانی سامنے آگئی 

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو عہدے سے ہٹائے جانے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے سابق ڈی جی ایف آئی اے کو وفاقی وزیر علی زیدی کی شکایت پر ہٹایا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور اے ایس ایف اہلکار وں کو امیگریشن ڈیسک پر بٹھانا چاہتے تھے، اس حوالے سے علی زیدی نے حکم بھی دیا تھا۔جیو نیوز نے اسلام آباد ایئر پورٹ کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرلی ہے۔وفاقی وزیر کے ترجمان عمر فاران نے کہا ہے علی زیدی نے وزیراعظم عمران خان سے کسی شخص کی شکایت نہیں لگائی بلکہ سسٹم کی بات کی۔ علی زیدی کے پاسپورٹ پر ایگزٹ مہر لگائی گئی، وفاقی وزیر نے رش ختم کرنے کیلئے مزید امیگریشن ڈیسک کھلوائے۔سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے گزشتہ روزاپنی سروس سے استعفیٰ دیدیا اور موقف اختیار کیا مجھے ریٹائرمنٹ کے قریب پوسٹنگ نہ دینے کا مطلب ناراضی کا اظہار ہے۔اخلاقیات کا تقاضا ہے میں نوکری سے استعفیٰ دیدوں، جس کے بعد انہوں نے اپنا استعفیٰ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھجوا دیا۔گزشتہ دنوں بشیر میمن کی جگہ نوازشریف کیخلاف تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا کو ڈی جی ایف آئی اے تعینا ت کیا گیا تھا۔دوسری طرف وفاقی وزیربحری امور علی زیدی نے میڈیا پر اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کی ترید کرتے ہوئے وضاحتی بیان میں کہا کہ اگرہمیں کہیں بہتری کی گنجائش نظر آتی ہے تو ہمارا فرض ہے اس پر توجہ دیں، میں دبئی سے کراچی ائیرپورٹ پہنچا تو ہزاروں لوگ امیگریشن کاؤنٹر پر کھڑے تھے۔کراچی ائیرپورٹ پر 50 میں سے 5 امیگریشن کاؤنٹر کھلے تھے، میرے لیے الگ سے کاؤنٹر کھولنے پر میں نے کہا  باقی لوگوں کو بھی یہاں لائن لگائیں، ایف آئی اے کے کچھ افراد سے پوچھا آپ کاؤنٹر پر کیوں نہیں تو جواب ملا شفٹ ختم ہوگئی ہے۔میں نے کہا اگر آپ مزید کچھ دیر کاؤنٹر پر بیٹھ جائیں تو یہ رش ختم ہوجائے گا، ائیرپورٹ پر لوگوں نے مجھ سے آکر شکایت بھی کی، جب سارے کاؤنٹر کھل گئے تو لوگوں نے شکریہ بھی ادا کیا،ہم حکومت میں لوگوں کی خدمت کرنے آئیں ہیں، وفاقی وزیر ہونے کے سبب میری ڈیوٹی ہے کچھ غلط ہورہا ہے تو اسے صحیح کروں، میں نے کسی ایف آئی اے کے بندے کو بلا کر کچھ نہیں کہا، جو ویڈیو وائرل ہوئی وہ سی سی ٹی وی ویڈیو ہے جو ایف آئی اے سے نکلی ہوئی ہے۔

علی زیدی وضاحت

علی زیدی شکایت

مزید : صفحہ اول