طلبا تنظیموں کے فعال  ہونے سے شعور بیدار ہوتا ہے،مرتضی وہاب

  طلبا تنظیموں کے فعال  ہونے سے شعور بیدار ہوتا ہے،مرتضی وہاب

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ کے مشیر قانون ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباتنظیموں کو فعال کرنے کے لیے سندھ حکومت قانون سازی کر رہی ہے جس کے بعد طلباتنظیموں کو سندھ بھر میں فعال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹس یونین پر پابندی دورآمریت کا بدنما داغ تھا جس کے بعد تعلیمی ادارے سیاسی اور تعلیمی سرگرمیوں میں سست روی کا شکار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت طلبا تنظیموں کے چارٹر اور مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان یونینوں کو ریگولیٹ کرے گی۔اور اس سلسلے میں ہم موثر قانون سازی کریں گے اور طلبا تنظیموں کے مطالبات کی روشنی میں حکومت سندھ ان کی بھرپور معاونت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو غیر سیاسی بنانا بھی آمریت کی حکمرانی ہے جس کے بعد طلبہ آنے والی زندگی میں سیاست سے دور رہتے ہیں جس کی وجہ سے غیر سیاسی عنصر کی قیادت سامنے آجاتی ہے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ یہ فیصلہ سندھ کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔بہت جلد طلبہ تنظیموں کے فعال ہونے کا قانون سندھ اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت طلبہ تنظیموں کے مکمل فعال ہونے کی حمایت کرتی ہے۔بالخصوص بلاول بھٹو زرداری طلبہ سیاست کی بھرپور حمایت کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ یہی طلباء آگے چل کر ملک کی باگ دوڑ سنبھالتے ہیں اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں ان سرگرمیوں سے ہی سماجی معاملات کو سمجھنے کا بھرپور موقع ملتا ہے۔

مزید : صفحہ اول