وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا وفاقی وزیر خسرو بختیار سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا وفاقی وزیر خسرو بختیار سے ٹیلی فونک رابطہ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا وفاقی وزیر خسرو بختیار سے ٹیلی فونک رابطہ اور صوبہ سندھ میں ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں اسپرے کے لئے محکمہ پلانٹس پروٹیکشن کے جہازوں کی فراہمی کی درخواست۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ متعلقہ محکمے میں فنڈز کی کمی کی بناء پر ادویات اور پائلٹ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سندھ حکومت 10 ملین روپے کی فوری گرانٹ بھی منظور کررہی ہے تاکہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے اسپرے کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ زراعت کے اجلاس کی صدارت میں ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کرانے کی بھی ہدایت دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کے روز وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ خسرو بختیار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں صوبہ سندھ میں ٹڈی دل کے حملوں اور اس کے باعث بڑے پیمانے پر فصلوں کی خرابی کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر سے کہا کہ ان کے زیر انتظام پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے پاس موجود اسپرے کے لئے جہازوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹڈی دل کے بنا پر صوبے کے متعدد اضلاع میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور اب بھی خدشہ ہے کہ ٹڈی دل کے مزید حملوں سے نقصانات میں اضافہ ہو۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مذکورہ وفاقی ڈپارٹمنٹ کے پاس وسائل کی کمی پر سندھ حکومت نے اس مد میں 10 ملین روپے کی گرانٹ بھی منظور کرلی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں جہازوں کے ذریعے اسپرے کے کام کو سرانجام دیا جائے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلوں کو ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایات جاری کی کہ فوری طور پر ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے نقصانات کا جائزہ لیا جائے۔ 

مزید : صفحہ اول