وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے جنوبی اضلاع کیلئے موٹروے کی منظوری دیدی 

      وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے جنوبی اضلاع کیلئے موٹروے کی منظوری دیدی 

  



پشاور(سٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ایک طویل اور اہم اجلاس میں پشاور سے ڈی آئی خان موٹرویکی منظوری دیدی جس کی لاگت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔مجوزہ الائنمنٹ تقریباً 339 کلومیٹر طویل ہے، جو 15 انٹر چینجز اور 3ٹنلز پر مشتمل ہے، جس کے ذریعے جنوبی اضلاع اور تحصیلوں کے آبادی والے تمام دیہات اور قصبوں سمیت ترقی سے محروم علاقوں کو رسائی دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جنوبی اضلاع کے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے انٹر چینجز کے پلان کو حتمی شکل دی جائے۔ یہ موٹروے جنوبی اضلاع کیلئے موجودہ حکومت کا ایک بڑا منصوبہ ہے، جس سے جنوبی خطے کی ترقی کے راستے ہموار ہوں گے اور عوام کو تیز رفتار سفری سہولت میسر آئے گی۔ پشاور سے ڈی آئی خان موٹروے کی الائنمنٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ اجلاس میں وزیر مملکت شہریار خان آفریدی، صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان، وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، جنوبی اضلاع سے اراکین صوبائی اسمبلی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات، مینجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو پشاور سے ڈی آئی خان موٹروے کیلئے الائنمنٹ کی آپشنز، ڈیزائین پیرامیٹرز، مقاصد، انٹر چینجز، ٹنلز، مختلف اضلاع اور تحصیلوں کو دی جانے والی کوریج اور دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں منصوبے کی الائنمنٹ کیلئے تجویز کی گئی پانچ مختلف آپشنز پر تفصیلی غور وخوض کرنے کے بعد آپشن دوم پر اتفاق رائے پایا گیا جس کی معمولی تبدیلی کے ساتھ اُصولی منظوری دی گئی۔ یہ الائنمنٹ پشاور میں چمکنی کے مقام سے شروع ہو کر درہ آدم خیل،کوہاٹ، ہنگو،  کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان تک جائے گی۔ دریں اثناء پشاور سیکرٹریٹ کے اطلاع سیل میں وفاقی وزیر مملکت سیفران اور صوبائی ترجمان اجمل وزیر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک موٹروے کی منظوری وزیراعلی محمود خان نے پی ٹی آئی کے جنوبی اضلاع کے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے دی۔ان کا کہنا تھا کہ موٹروے تقریباً 339 کلومیٹر طویل اور 15 سے زائد انٹر چینجز پر مشتمل ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے پشاور سے ڈی آئی خان موٹروے کی تکمیل جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل دے گی۔شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے جنوبی اضلاع کی محرومیاں ختم ہو جائیں گی۔ منصوبے کی فیزیبلٹی ابھی تیار نہیں ہوئی، اس پر پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بہترین مواصلاتی نیٹ ورک کے ذریعے صوبے کے تمام ریجنز کو باہم مربوط کیا جا رہا ہے، اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

کے پی کے موٹر وے

مزید : صفحہ اول