پیپلز پارٹی کا زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے آج درخواست دائر کرنے کا اعلان 

پیپلز پارٹی کا زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے آج درخواست دائر کرنے کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی،این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے والد آصف علی زرداری کی آج منگل کوطبی بنیادوں پر ضمانت کیلئے درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔سوموار کو پمز ہسپتال میں اپنے والد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آصفہ بھٹو نے سابق صدر کو ضمانت کیلئے منا لیا ہے،ہمیں امید ہے کہ سابق صدر کو طبی بنیادوں پر جلدازجلد ضمانت مل جائے گی اور جلدازجلد سرکاری ڈاکٹرز کے بتائے گئے پروسیجر پر عمل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی طبیعت تشویشناک ہے جبکہ ہماری جانب سے ذاتی معالجین کا وقت پر انتظام نہیں ہوسکا اور اس دوران سرکاری ڈاکٹرز کی جانب سے سابق صدر کی مختلف بیماریاں تشخیص کی گئی ہیں، سرکاری ڈاکٹرزقابل ضرور ہوں گے مگر ہمیں ان پر زیادہ اعتبار نہیں ہے۔سرکاری ڈاکٹرز آصف علی زرداری کے دل میں بند شریانوں کے حوالے سے تفصیلی معائنہ کرنا چاہتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کے ساتھ تفصیلی ملکی سیاسی حالات پر گفتگو ہوئی ہے اور انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا اب بھی موقف وہی ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے نظرئیے پر کمپرومائز نہیں کرے گی، میڈیا کی آزادی کی بات ہو، پاکستان پیپلزپارٹی اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 27دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ راولپنڈی میں منائی جائیگی اور لیاقت باغ سے ایک بار پھر ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ صرف اور صرف عوام ہیں، پیپلزپارٹی یہ جدوجہد آخری دم تک لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اپوزیشن سے مشاورت کے بعدچیف الیکشن کمشنر کیلئے3نام بھجوائے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت تین ماہ میں ایک نوٹیفکیشن نہ بنا سکی، مجھے نہیں لگتاہے کہ حکومت 6ماہ میں قانون سازی پراپوزیشن کواعتماد میں لے پائے گی۔ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، امید ہے عدالتی فیصلے سے ہمیں رہنمائی ملے گی جبکہ وزیراعظم کے روئیے سے لگتا ہے وہ قانون سازی کے لیے اتفاق رائے نہیں چاہتے، وزیراعظم اپوزیشن رہنماؤں پر دبا وڈالنا چاہتے ہیں، انہوں نے پہلے بھی دوسرے معاملات میں اتفاق رائے پیدا نہیں کیا اور ہر معاملے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم تب ہوگی جب نیا وزیراعظم ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس طویل عرصے سے چل رہا ہے اور اس کا اب تک فیصلہ نہیں آیا، پی پی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔۔دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کی تشویشناک صحت کے پیش نظر سرکاری ڈاکٹروں نے دل کے آپریشن کی سفارش کردی۔ذرائع کے مطابق ذاتی معالجین کے بغیر سرکاری ڈاکٹروں کی جانب سے آصف زرداری کے دل کے آپریشن کے معاملہ پر خاندان کے افراد جلد مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری مشاورت کے لئے اسلام آباد پہنچیں گی۔
پیپلز پارٹی/بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -