شہریوں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کرینگے،سی سی پی او

  شہریوں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کرینگے،سی سی پی او

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ شہریوں کو پولیس ہیڈکوارٹر میں ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے سی سی پی او آفس کی ویلفیئر برانچ کو اپ گریڈ اور دیگر شعبوں سے مربوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویلفیئر آئی میں شہدائے پولیس اور دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے کیس دیکھنا کافی نہیں بلکہ تمام درخواستیں ویلفیئر آئی کے تحت آنی چاہئیں۔ سی سی پی او نے سوموار کو لاہور پولیس ہیڈکوارٹرز کے تمام شعبوں کا دورہ کرکے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید اور ایس ایس پی ڈسپلن فیصل مختار نے مختلف امور پر بریفنگ دی۔ سی سی پی او نے کہا کہ وزیراعظم، وزیراعلی پورٹل اور وی ایم ایس کا سسٹم آن لائن اور باہم مربوط کیا جائے گا۔ انہوں نے سٹاف سے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ویلفیئر فنڈ سے مالی امداد کی درخواست کرنے والوں کو لازمی طور پر بلا کر ان کے مسائل سنیں جائیں۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید نے ویٹنگ روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں بیٹھے شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل پر فوری احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی تمام شکایات کا آن لائن اندراج کیا جائے گا تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیرالتوا درخواستوں کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

مزید : علاقائی