ہائی وے پٹرول اور ضلعی پولیس ملکر کام کریں، خصوصی ٹیمیں بنائیں، آئی جی پنجاب

    ہائی وے پٹرول اور ضلعی پولیس ملکر کام کریں، خصوصی ٹیمیں بنائیں، آئی جی ...

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ شاہرات پر ہونے والے ٹریفک حادثات اور جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول ضلعی پولیس کے ساتھ انفارمیشن شیئرنگ کے علاوہ کلوز کوارڈی نیشن بھی رکھیں تاکہ ڈکیتی، راہزنی سمیت ہائی وے کرائمز کی دیگر واردارتوں میں ملوث مجرمان کو پابند سلاسل کرنے کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پی ایچ پی ہیڈ کوارٹرز میں سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو تمام ریجنز اور اضلا ع کے اچانک دورے کرکے دستیاب وسائل کے استعمال اور فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں پی ایچ پی کی تمام پوسٹوں پر اسلحہ سٹاک کی چیکنگ اور باقاعدگی سے صفائی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے جبکہ دھند اور سموگ کے موسم میں پی ایچ پی ٹیمیں شاہرات پر اپنی پٹرولنگ کے عمل میں مزید بہتر ی کیلئے از سر نو پلان تشکیل دیں بالخصوص رات کے وقت مسافروں کی سہولت اور تحفظ کیلئے پٹرولنگ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انہوں نے تاکید کی کہ شاہرات پر اوور سپیڈنگ کرنے والی مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے پٹرولنگ ٹیمیں فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈرائیور اور ٹرانسپورٹ کمپنی کے خلاف کاروائی کریں جبکہ کمرشل گاڑیوں کے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے تمام پہلوؤں کے مد نظر موثرپالیسی ترتیب دی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پی ایچ پی کی کارکردگی اجلاس کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے آئی جی پنجاب کو پی ایچ پی کے محکمانہ امور اور 522پوسٹوں کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ڈی آئی جی پی ایچ پی انکساز خان افغان، ایس پی،پی ایچ پی محمود الحسن قریشی اور اے آئی جی آپریشنز عمران کشور موجود تھے۔

مزید : علاقائی