حکومت نے اپنی نالائقی سے آرمی چیف کو پوری دنیا میں بدنام کردیا، مولانا قاسم 

حکومت نے اپنی نالائقی سے آرمی چیف کو پوری دنیا میں بدنام کردیا، مولانا قاسم 

  



تخت بھائی(تحصیل رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا محمد قاسم نے کہاہے کہ حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے آرمی چیف کو پوری دنیا میں بدنام کر دیا ہے۔حکومت کی جانب سے تین سمریاں تیار کی گئیں لیکن پھر بھی عدالت نے انہیں توسیع دی جو کہ حکومت کے لئے شرم کا مقام ہے۔وہ محبت آباد،بابینی اور شنکر میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔دیگر مقررین میں مالا کنڈکے جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر،ضلع مردان کے جنرل سیکرٹری مولانا امانت شاہ حقانی،سیکرٹری اطلاعات مولانا قیصر الدین،تحصیل مردان کے امیر مولانا محمد عاقل انصاری اور مفتی سلیم حلیمی نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے مفتی کفایت اللہ پر قاتلانے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کوگرفتار کر کے انہیں سخت سزا دیں بصورت دیگر جے یو آئی کے کارکن ملوث ملزمان کے خلاف خود کاروائی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام فاقوں پر مجبور ہو گئے ہیں لیکن حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اور اسکے حواریوں نے ملک کے تمام ادارے تباہ کر رکھ دیے ہیں۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل جیسے اداروں کو بھی سیاست کی نذ ر کر دیا گیا ہے اور نا اہل لوگوں کو عہدوں پر براجمان کرنے کے لئے پی ایم ڈی سی کا نام تبدیل کر کے پی ایم سی رکھ دیا ہے جو کہ طبی عملے کے ساتھ زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہر بدھ کے روز مردان میں احتجاجی مظاہرہ ہو گا جو حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر