’ فیاض چوہان کا شیر شاہ سوری قرار دینا وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے خطرناک ہوگا ‘ حسن نثار نے وارننگ دے دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حسن نثار نے کہاہے کہ فیاض الحسن چوہان وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی بخوبی کرسکتے ہیں بشرطیکہ یہ کہ وہ مبالغے سے بچیں لیکن عثمان بزدار کو شیر شاہ سوری بنانا وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے خطرناک ہوگا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ بشیر میمن کے حوالے سے میڈیا میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ بشیر میمن کی ریٹائرمنٹ سے دس روز قبل اس قسم کی حرکت توہین آمیز ہے اور اس کی روایت بھی نہیں ہے ، اس وجہ سے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے استعفیٰ دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بشیر میمن پر دباﺅ کاعلم نہیں ہے ، اس لئے میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا ۔ انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی بخوبی کرسکتے ہیں بشرطیکہ یہ کہ وہ مبالغے سے بچیں لیکن عثمان بزدار کو شیر شاہ سوری بنانا وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے خطرناک ہوگا کیونکہ حقیقت کیخلاف بات ایک جوکر کی سی ہوتی ہے ۔