ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام کی منظوری کا خیر مقدم 

   ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے قیام کی منظوری کا خیر مقدم 

  

کراچی(اکنامک رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر سلیم الزماں نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایس ایم منیر کا کہنا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان نے ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے کئی خوش آئند اقدامات کیے ہیں، ان کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ  کے قیام سے پوری امید ہے کہ وہ اپنے وژن کے مطابق ملک کی برآمداتی صنعتوں کو ریلیف دینے کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے۔

۔ صدر کاٹی سلیم الزماں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کوروناوائرس کی صورت حال میں صنعتوں کو معاشی معاونت اور توانائی کی رعایتی قیمتوں سمیت ایسے اقدامات کیے ہیں جن کے باعث ملک میں صنعتی پیداوار کی بحالی اور برآمدات کے استحکام جیسے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سلیم الزماں نے کہا کہ بین الاقوامی اور ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے معاشی پالیسیوں میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو معاشی معاونت اور اسٹیوملے پیکجز کے ساتھ شرح سود کو کم از کم 4 فیصد کرنا ضروری ہے۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں تعطل اور زائد نرخوں کے باعث مسائل کا سامنا ہے، اس حوالے سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام کے بعد صنعتوں کی پیداوار اور ملک میں انڈسٹرلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے بڑے اقدامات کی توقع کرتے ہیں۔ سلیم الزماں کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے حوالے سے بہت واضح وژن رکھتے ہیں، بورڈ کے قیام کے بعد اسی سمت میں فیصلے ہوئے تو ملکی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہوگا۔

مزید :

کامرس -