مزاحیہ خاکوں پر مبنی پروگرام شائقین پسند کررہے ہیں،شہباز حسین

 مزاحیہ خاکوں پر مبنی پروگرام شائقین پسند کررہے ہیں،شہباز حسین

  

لاہور(فلم رپورٹر) سینئر اداکار شہباز حسین نے کہاہے کہ میں اس وقت ایک میگا پراجیکٹ میں کام کرہا ہوں میرا رول مختصر مگر جاندار ہے اس پراجیکٹ کی تفصیلات فی الحال نہیں بتاسکتا۔میرا مزاحیہ خاکوں پرمبنی پروگرام سوشل میڈیا پر مسلسل شہرت کی جانب گامزن ہے۔میں نے اپنے کیرئیر کے دوران جو بھی کام کیا اس کو لوگوں نے بہت پسند کیا خاص طور پر نجی ٹی وی سے پیش کئے جانے والے شہرہ آفاق پروگرام ”ہم سب امید سے ہیں“میں فاروق ایچ نائیک کا کردار ناظرین کو آج بھی یاد ہے۔ ہمارے ٹی وی ڈرامے بھارت سمیت پوری دنیا میں بے حد مقبول ہیں۔

۔شہباز حسین نے کہا کہ یہ بات سب کے سوچنے کی ہے کہ ہمارے ٹی وی ڈرامے بھارت سمیت پوری دنیا میں بے حد مقبول ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ فلم اور ٹی وی ڈراموں کے شعبوں میں کوپروڈکشن ہو۔ اس سے نئی مارکیٹ کے ساتھ فنکار، تکنیک کار ایک دوسرے کے تجربے سے بہت کچھ سیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ کے اس جدید دورمیں ہماری ذمہ داریوں کے ساتھ مقابلہ بھی سخت ہوچکا ہے، لوگ وہی فلم اور ڈرامہ دیکھیں گے جس کی کہانی اور فنکاروں کی پرفارمنس سے انھیں تفریح ملے۔ اس وقت بے شمار ٹی وی ڈرامہ سیریلز اور سوپ آن ائیر ہیں، ان میں سے چند ایک ہی ہوں گے جو عوام میں مقبول ہیں۔ اچھی پرفارمنس اور مقبولیت کے لئے تعداد نہیں معیارکا ہونا ضروری ہے۔شہباز حسین نے کہا کہ فنکارکی حیثیت سے میری پہلی ترجیح معیار ہے اسی لئے صرف منتخب پراجیکٹ ہی کر رہا ہوں۔ ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلمی سرگرمیوں کی بحالی پر بھی بے حد خوشی ہے، پردہ سکرین کی اپنی ایک دنیا ہے۔اس دنیا کا حصہ بننا ہرماڈل اور فنکار کا خواب ہوتا ہے، ماضی میں اگر دیکھیں توشاید ایسا ممکن نہیں تھا، مگر اب حالات بہت بدل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان فلم میکر نے ویران انڈسٹری کے جسم میں روح پھونک دی ہے۔ ان کی یہ کاوش کے ثمرات نظر آنے شروع ہوگئے ہیں۔ اب ہمیں اپنی اگلی منزل کی جانب نظرجمانی ہے، جو کہ انٹرنیشنل مارکیٹ ہے۔ اس کیلئے سب سے ضروری کو پروڈکشن ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کوبھی پاکستانی فلم کی سپورٹ کرنا ہوگی۔

مزید :

کلچر -