سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے مطلوب انقلابی کی وفات پر اظہار تعزیت
ریاض (وقار نسیم وامق) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سنئیر سیاست دان اور ہر دلعزیز شخصیت چوہدری مطلوب انقلابی کی وفات پر سعودی عرب میں مقیم سیاسی، سماجی، ادبی ،مذہبی اور صحافتی تنظیموں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ کشمیری کیمونٹی میں دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے ہر آنکھ نم اور ماحول افسرده ہے.
پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے علاوہ سعودی عرب کے عہدیداروں اور ممبران کے علاوہ مسلم لیگ ن، پاک سرزمین پارٹی، قومی وطن پارٹی، اے این پی، جمعیت علماء اسلام، جمعیت اہل حدیث، پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی ،حلقہ فکروفن، بزم ریاض، پاک میڈیا فورم، پاکستان جرنلسٹ فورم کے عہدیداروں اور ممبران نے چوہدری مطلوب انقلابی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں مطلوب انقلابی ایک بڑا نام تھا جس کو سیاسی اور اخلاقی طور پر کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا.
مطلوب انقلابی آزاد کشمیر کی سیاست میں رہ کر جہاں لوگوں کی فلاح وبہبود کا بیڑہ اٹھائے ہوئے تھے وہیں پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنے میں بھی اہم کردار نبھا رہے تھے ان کی پوری سیاسی زندگی انقلابی سیاست کے طور پر گزری پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے جس طرح انہوں نے سیاست میں خود کو منوایا اسکی دوسری کوئی مثال نہیں ملتی.
سادہ اور خوشگوار لہجے کا مالک مطلوب انقلابی سیاست میں رواداری اور واضع داری جیسے اصولوں کا امین تھا ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے کبھی پورا نہیں کیا جا سکے گا، آزاد کشمیر کی سیاست میں مطلوب انقلابی ایک ایسے روشن باب کی حیثیت رکھتے تھے جس سے موجودہ اور آئندہ نسلیں ان کے اصولوں اور طرز سیاست سے مستفید ہوسکیں گے.
دوسری جانب کشمیری کمیونٹی مطلوب انقلابی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے سے دوچار ہے ہر آنکھ پرنم اور دل دکھ اور افسوس سے بھرا ہوا ہے آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی، سماجی، ادبی اور مذہبی جماعتوں کے ارکان مطلوب انقلابی کی رحلت کو بڑا نقصان قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ خدمت کی سیاست مطلوب انقلابی کا نعرہ تھا جس پر وہ پورا اترتے تھے ان کی عوامی خدمت کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا وہ پیپلزپارٹی کے ان لیڈران میں شامل تھے جھنوں نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہ کر عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کی ہر وہ ممکنہ کوشش کی جس سے جمہوریت مستحکم ہو اور جمہور کا بول بالا ہو.
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مطلوب انقلابی کی مغفرت کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ اہل کے اہل خانہ سمیت ہزاروں چاہنے والوں کو صبر عطا فرمائے آمین