وسیم خان کے خیال میں نیوزی لینڈ جانے والے کھلاڑی کس طرح کورونا وائرس کا شکار ہوئے؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نیوزی لینڈ جانے والے کھلاڑی سفر کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آئے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہاکہ ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے کورونا ٹیسٹ شوکت خانم ہسپتال سے کروائے گئے تھے جن کے نتائج پر کسی قسم کے شک و شبے کی قطعاً گنجائش نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے طویل سفر کے دوران کھلاڑی وائرس کی زد میں آ گئے ہوں لیکن یہ بات درست نہیں ہے کہ نیوزی لینڈ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کی وجہ سے انہیں کورونا ہوا ہے۔ وسیم خان سے جب پوچھا گیا کہ اتنے سخت قواعد و ضوابط میں کیا یہ دورہ کرنا درست فیصلہ تھا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ویسٹ انڈین ٹیم بھی نیوزی لینڈ میں ہے،اس کے کھلاڑیوں نے بھی اسی ماحول میں 14 روز کا قرنطینہ مکمل کیا تب ہی انہیں ٹریننگ کی اجازت ملی ہے۔
ایک سوال پر سی ای او نے کہا کہ فی الحال اس دورے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں لیکن ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان شاہینز ٹیم کیلئے منتخب کئے گئے کھلاڑی بھی قرنطینہ میں ہیں، جب وہ باہر آئیں گے تو ان کیلئے بغیر کسی پریکٹس کے کھیلنا آسان نہ ہو گا۔