جہانگیر ترین نے عمران خان کی حکومت گرانے کی دھمکی دی اور کوشش بھی کی ، صاحبزادہ جہانگیر نے الزام عائد کردیا
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے برطانیہ میں انویسٹمنٹ کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین نے نہ صرف عمران خان کی حکومت گرانے کی دھمکی دی بلکہ کوشش بھی کی۔
گورنر پنجاب چودھری سرور کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئےصاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ جب شوگر انڈسٹری کی آمدنی کی شفافیت سے متعلق پوچھا گیا تو جہانگیر ترین نے باغی گروپ بنا لیا۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے احتساب سے بچنے کے لیے عمران خان کی حکومت گرانے کی دھمکی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے احتساب شروع کیا تو چوروں اور ڈاکوؤں نے بغاوت کردی۔گورنر پنجاب کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ چور اور ڈاکو ضمانتیں کرا کر معمول کی زندگیاں بسر کرنے کے لیے واپس لوٹ آتے ہیں۔