بن قاسم پورٹ پر لنگر انداز جہاز سے غیر ملکی شہری کی نعش برآمد
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بن قاسم بندر گاہ پر لنگر انداز جہاز سے فلپائنی شہری کی نعش ملی ہے۔
پولیس کے مطابق شپنگ ایجنٹ نے انتظامیہ کوواقعہ کی اطلاع دی۔ جہاز 2 دسمبر کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا تھا۔ متوفی کی شناخت بیگاسو راؤل کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 65 برس تھی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کا کہنا ہے کہ متوفی کی ایک تصویر موصول ہوئی ہے، اس کا چہرہ بگڑا ہوا اور ناک سے خون بہہ رہا تھا۔ پوسٹ مارٹم کا آغاز کردیا گیا، پہلے مرحلے میں پورے جسم کا ایکسرے کرالیا گیا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔