اب احتساب کا وقت آ گیا ،حکمرانوں کو ہر ایک ظلم کا حساب دینا ہو گا:طلال چوہدری
سرگودھا (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنماطلال چوہدری نے کہاہے کہ سلیکٹڈحکومت کی عوام دشمن پالیسوں نے ملک کابیڑہ غرق کردیاہے،نیازی اینڈکونے ملک کو عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کاغلام بناکرپوری قوم اورملک کاوقارمجروح کیاہے،اب احتساب کا وقت آ گیا ہے ،حکمرانوں کو ہر ایک ظلم کا حساب دینا ہو گا ۔
سرگودھا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دارہم سب لوگ ہیں، ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے،آج غریب 35 والا آٹا 80روپے میں، چینی سوروپے سے زائد اورگھی چارسوروپے میں خرید رہا ہے، اس نااہل ٹولے کونکالنے کے لیے میاں نوازشریف اور شہبازشریف ہی قوم کی امنگوں کاآخری سہاراہیں،جس کیلئے عوام کوآئندہ الیکشن میں گھر سے نکلتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ووٹ کاسٹ کرناہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آپ پر فرض ہے کہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں، ہم نے آزاد وطن میں قید کاٹی ، ہماری ماو¿ں بہنوں کو کال کوٹھڑیوں میں ڈالا گیامگرعوام کے دلوں سے ہمیں نہیں نکالاجاسکا، عوام اب بھی باہر نہیں نکلیں گے تو آٹا، سبزی سمیت ہر چیز مہنگی ہو جائے گی، پورا ملک مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔طلال چوہدری نے کہاکہ ہم بھی آئی ایم ایف کے پاس گئے لیکن عوام کو ریلیف دیا، یہ آئی ایم ایف کے پاس جاتے ہیں تو عوام کی مشکلات بڑھا دی جاتی ہیں، ہماری حکومت کوتو کبھی دھرنے ، لانگ مارچ اورجعلی کیسوں میں الجھائے رکھا گیامگراس کے باوجود ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، روزگار دیئے ، موجودہ حکومت کو لانے والے اب خود بھی پریشان ہیں کہ یہ ان سے کیاہوگیاہے۔