پشاور جلسے اور بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد محمود خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے :فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں پیپلزپارٹی کے جلسے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کے بعد محمود خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) والوں کوپہلے نالائقی کی بیماری تھی، اب وہ امراض چشم کے مریض بھی بن چکے ہیں، محمود خان میں ہمت تھی تو وہ پیپلزپارٹی کا جلسہ روک کر دکھاتے، محمود خان کان کھول کر سن لیں کہ خیبرپختونخوا میں جیالے اپنے قدم جما چکے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت پر تنقید کرکے محمود خان اپنی نوکری بچانےکی کوشش کررہےہیں،پورا پاکستان نالائق وزیراعظم سےنجات چاہتاہے،اب پی ٹی آئی کےممبران اسمبلی بھی کہہ رہےہیں کہ وفاقی اورخیبر پختونخوا حکومت کرپٹ ہے۔