کترینہ کیف اور وکی کوشل شادی کے مقام پر جاتے ہوئے راستے میں فوٹوگرافرز سے بچنے کیلئے کس چیز کا استعمال کریں گے ؟ بھارتی میڈیا کا حیران کن دعویٰ
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور وکی کوشل آئندہ ہفتے مادھ پور کے تاریخی قلعے میں شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں اور اس حوالے سے تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مادھ پور کی سول انتظامیہ آج شادی کی تقریبات کے دوران شہر میں صورتحال کو نارمل رکھنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آج اہم میٹنگ کرنے جارہی ہے ، رپورٹس کا کہناہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل پانچ دسمبر کو شادی کے مقام پر روانہ ہوں گے ۔
سوشل میڈیا پر بحث چل رہی ہے کہ کترینہ کیف بھی پریانکا چوپڑا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شادی کی تصاویر کو انٹر نیشنل میگزین کو مبینہ طور پر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنے آرٹیکل میں دعویٰ کیاہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل جے پورسے شادی کے مقام قلعہ باروارا تک جانے کیلئے ہیلی کاپٹر کی خدمات حاصل کرنے جارہے ہیں ،یہ فیصلہ پاپا رازی فوٹوگرافر ز سے بچنے کیلئے کیا گیاہے ،جوڑے کو سیدھا شادی کے مقام تک جانے میں دو گھنٹے لگیں گے ۔
بالی ووڈ کا جوڑا اپنی شادی کو خفیہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہاہے ، مہمانوں کو تقریب میں آنے کیلئے خصوصی کو ڈ جاری کیا جائے گا ، انہیں موبائل فون اندر لانے کی اجازت نہیں ہو گی تاکہ تقریب کی کوئی بھی تصویر لیک نہ ہو سکے ۔مہمانوں کو لانے والے ڈرائیور ز بھی صرف کیمرے کے بغیر سادہ موبائل فون استعمال کر سکیں گے ۔