اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے سامنے ایک شخص نے بندوق اُٹھائی اور۔۔۔ انتہائی پریشان کن خبر آگئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کے قریب اپنی گردن پر بندوق رکھ کر بظاہر خودکشی کی کوشش کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ایکسپریس ٹربیون کے مطابق نیویارک سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ مین ہیٹن کے علاقے میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کے قریب اس شخص نے اپنی گردن پر بندوق رکھی ہوئی تھی، تاہم پولیس کے آنے پر اس نے سرنڈر کرتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
لائیو نیوز ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ سفید فام شخص اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کے گرد لگے جنگلے کے پاس کھڑا ہوتا ہے۔ اسے ویڈیو میں پولیس کے آگے سرنڈر کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور اب اس سے شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد کچھ وقت کے لیے اقوام متحدہ کمپلیکس کو تالے لگا دیئے گئے تھے۔ ملزم عمر کی ساٹھ کی دہائی میں بتایا جاتا ہے۔ اس واقعے پر ٹریفک کے لیے اس راستے کو بند کر دیا جاتا ہے اورپولیس اس شخص کے ساتھ مذاکرات کرتی ہے، جن کے نتیجے میں وہ سرنڈر کر دیتا ہے۔ اس شخص نے یہ حرکت کیوں کی؟ تاحال اس حوالے سے معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔