بھارت میں اومی کرون کا پہلا مریض ایک روز بعد ہی فرار ہوگیا
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا پہلا مریض قرنطینہ کیے جانے کے اگلے ہی روز ملک سے "فرار" ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک میں جنوبی افریقہ سے آنے والے ایک مسافر میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد اسے شنگریلا ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
کرناٹک کے وزیر برائے ریونیو آر اشوک نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ روز اومی کرون کے جس مریض کو قرنطینہ کیا گیا تھا وہ آج ملک سے "فرار" ہوگیا۔ مریض نے ایک پرائیویٹ لیبارٹری سے کورونا کی منفی رپورٹ تیار کرائی اور جہاز کے ذریعے بیرون ملک چلا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اس معاملے کی شکایت درج کرا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ہوٹل میں ایسا کیا ہوا تھا کہ مریض اگلے ہی روز فرار ہوگیا۔