راولپنڈی ٹیسٹ میں رنز کے ڈھیر، عبداللہ اور امام کے بعد بابر کی بھی سینچری
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان جاری تاریخی ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے سینچریاں بنانے کا عمل جاری ہے، پاکستانی اوپننگ جوڑی عبداللہ شفیق اور امام الحق کے بعد کپتان قومی ٹیم بابر اعظم نے بھی سینچری بنا لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم 17 بعد پاکستان ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے آئی ہے ،سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی سٹیڈیم میں جاری ہے ، جس میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ، انگلش بلے بازوں نے ٹیسٹ میچ کو ٹی 20 طرز پر کھیلا اور پہلے ہی دن 4وکٹؤں کے نقصان پر 506 رنز بنا ڈالے ، لیکن اگلے روز پاکستانی گیند بازوں نے اچھی واپسی کی اور ساری ٹیم کو 657 رنز پر آل آؤٹ کر دیا ۔
جس کے بعد پاکستان کی جانب سے اما م الحق اور عبد اللہ شفیق نے بطور اوپننگ جوڑی اہم اعزاز اپنے نام کی اور پاکستان کو 225 رنز کا آغاز فراہم کرتے ہوئے عبداللہ شفیق 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد 245 رنز کے مجموعی سکور پر امام الحق 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، اس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری ہے۔