افسوس ہے کہ عدلیہ اپنا کردار ادا نہیں کر رہی ، فواد چودھری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ عدلیہ اپنا کردارا دا نہیں کر رہی ، نواز شریف ، زرداری ملک لوٹ کر باہر بھاگ جاتے ہیں ۔
نجی ٹی وی " دنیا نیوز" کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابات کا نام سنتے ہی مخالفین پر غشی کے دورے پڑ جاتے ہیں ، یہ تو عوام میں بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکتے الیکشن کیا لڑیں گے ، نواز شریف تو شائد وطن واپس نہ لوٹیں مگر محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکمران بھی لندن منتقل ہو جائیں گے ۔
فواد چودھری نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کی ، ان کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بطور مرغا پالا ہے جو ہر معاملے میں چونچ مارتے ہیں ، ان میں اخلاقی جرات ہونے چاہئے کہ یہ اپنے لیڈر سے این آر او سے متعلق پوچھ سکیں ، لوگوں کا چور ، ڈاکو کہنا ان کو برا لگتا ہے تو یہ اپنے لیڈر سے پوچھیں ۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور زرداری لوٹ مار کرکے بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں ، رانا ثناء اللہ ، خواجہ سعد رفیق بغیر گارڈز کے اپنے حلقے میں بھی نہیں نکل سکتے ، ملک کی 75 فیصد آبادی کا مطالبہ عام انتخابات ہیں ۔ جنرل ضیا الحق ، جنرل جیلانی کی پیدا کردہ جماعت ہمیں طعنہ دے رہی ہے ، انہیں شرم آنی چاہئے ، ان کی پیدائش ہی گیٹ نمبر 4 کی ہے ، ان کے دو وزرائے خزانہ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل آپس میں جھگڑ رہے ہیں ، انہوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں ، ہمیں افسوس ہے کہ عدالت اپنا کردارا دا نہیں کر رہی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک صحافی نےد عویٰ کیا ہے کہ جنرل باجوہ کے کہنے پر رات کو 12 بجے عدالت کھولی گئی ، یہ ہمارے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے ، اگر فیصلے بند کمروں میں ہونگے تو پھر اسٹیبشلمنٹ کو سوچنا ہوگا ، عام عوام کی عدالتی انصاف سے امیدیں ختم ہو چکی ہیں ۔