بھارت کبھی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ ایل او سی پر خطاب

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایل او سی کا دورہ کیا ، اس دوران اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کے رکھ چکری سیکٹر کا دورہ کیا ، آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا ، اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان اور کشمیر سے متعلق بھارتی قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لیا ہے ، پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ دشن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا ، دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے عوام سے کیا گیا وعدہ وفا کرے۔