الیکشن نہیں عوام کے مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، شہباز شریف

الیکشن نہیں عوام کے مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، شہباز شریف
الیکشن نہیں عوام کے مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم  اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف  کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں۔

5b03bbec573cd35a24d4ceab62fb71a3

تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات  پارٹی رہنماؤں اور سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی  سے ملاقاتوں کے دوران کہی، شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن ،خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق ،اعظم نذیر تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ شامل تھے۔

دوران ملاقات عام انتخابات کی تیاریوں اور صوبہ سندھ میں تنظیمی امور پر مشاورت ہوئی ،سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا ،ایم کیو ایم سے ہونے والی بات چیت اور سفارشات کا بھی جائزہ لیاگیا ۔

شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق  نے بھی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقات  کی،سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، سید باسط بخاری، میاں عمران قریشی کی بھی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی،پارٹی رہنماؤں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا ،شہباز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پارٹی راہنمائوں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا ۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نواز شریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لئے یہ الیکشن بہت اہم ہیں، اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے، سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کئے گئے،  ہمارے خلاف شروع کئے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے، چار سالہ تباہی کا سیاہ دور نہ آتا تو عوام کہ مہنگائی اور پاکستان کی معاشی بدحالی کا برا وقت نہ آتا۔ اس کے علاوہ پارٹی رہنماؤں نے شہباز شریف کو لیگی قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارک بھی پیش کی۔