لاہور (سپورٹس رپورٹر)سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام کھیلتا پنجاب گیمز کے ڈویژن سطح کے مقابلے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہیں، بوائز اینڈ گرلز مقابلوں میں پنجاب آرچری کلب لاہور نے فائنل جیت کر ٹائیٹل اپنے نام کرلیا جبکہ ننکانہ صاحب آرچری کلب دوسرے نمبر پر رہاہے، پیر کے روز پنجاب سٹیڈیم میں کبڈی اور پنجاب آرچری سنٹر میں آرچری کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا،سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر آصف طفیل کھیلتا پنجاب گیمز آرچری کے مقابلوں کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے مقابلے دیکھے، کھلاڑیوں کے کھیل کو سراہا اور جیتے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے،بوائز آرچری مقابلوں میں پنجاب آرچری کلب لاہور کے علی رضا،واصف علی اور سلمان جٹ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے جبکہ گرلز آرچری مقابلوں میں فاطمہ رضا،ماہ نور آصف اور مناہل نے بالترتیب پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
، کھیلتا پنجاب گیمز کے آرچری کے مقابلوں میں لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع کے گرلز بوائز کھلاڑیوں نے شرکت ہے جبکہ شائقین آرچری کی بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے۔ کھیلتا پنجاب گیمز کبڈی کے دلچسپ مقابلے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے پنجاب سٹیڈیم میں ہوئے جس میں لاہور، شیخوپورہ، قصوراور ننکانہ صاحب کی ٹیموں نے شرکت کی ہے،پہلے میچ میں ننکانہ صاحب نے قصور کو سنسنی خیر مقابلے کے بعد 33-30پوائنٹس سے شکست دے دی ہے جبکہ دوسرے میچ میں لاہور نے قصور کو 42-30پوائنٹس سے ہرادیا، پنجاب سٹیڈیم میں شائقین کبڈی کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا ہے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرا فضال چودھری نے جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی ہے، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر لاہور رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ ودیگر بھی موجودتھے۔