بھارت کے رنگ گرگٹ کے سنگ

Dec 03, 2024

زبیر بسرا

بڑے عرصے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کے بڑے ایونٹ کا انعقاد ہو رہا ہے عوام جوش و خروش سے چیمپئن ٹرافی میں دنیا کی ٹیموں کا کھیل دیکھنے کے منتظر ہیں کرکٹ کا سحر ساری دنیا میں ہے بھارت اور پاکستان کا میچ کھڑکی توڑ ہوتا ہے۔ بازار بند، دفتر ویران، تبصرے گلی گلی، اخبارات اور چینلز پر بھی سٹے باز سر گرم، کھلاڑی پر جوش اور آئی سی سی خوش کہ سال بھر کا خرچہ آئے گا۔ کاروباری حضرات کمپنیاں اپنی تشہیر کے لئے سر گرم عجیب ماحول بن جاتا ہے مقابلہ کا انتظار شدت سے ہوتا ہے یوں محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں میں جنگ ہو رہی ہے جیت پر ڈھول اور بھنگڑے ہار پر روتے اور ٹی وی توڑتے ہیں۔ 

اب بھی ایسا ہی منظر دیکھنے کو آنے والا ہے۔ اچانک بھارت میں چانکیہ کا دوسرا جنم نریندر مودی کی صورت میں ہو گیا ہے، جس کا نظریہ سیاست ہے کہ اپنا رنگ سنوارو دوسرے کے رنگ میں بھنگ ڈالو۔ جیسا دیس ویسا بھیس۔  گرگٹ کی طرح رنگ بدلتا بھارت شکست و تحریب کی حالت میں ہے ساری دنیا میں اس کی کارروائیاں ہو رہی ہیں کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ میں بھارتی ایجنسی کی کارروائیاں ڈھکی چھپی نہیں، جس کی مذمت ہو رہی ہے۔ سفارتکار واپس ہو رہے ہیں اندرون ملک خانہ جنگی ہے۔ منی پور، آسام، ناگالینڈ۔ میزو رام، پنجاب، ہماچل پردیش، کشمیر، جھارکھنڈ میں صرف بھارت کی کرنسی چلتی ہے چند اور ریا ستوں میں بھی علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔

پاکستان عرصے سے بھارتی دہشت گردی کی زد میں ہے، سمجھوتہ ایکسپریس پر حملہ کلبوشن یادو کی گرفتاری ابھی نندن کا حشر بھارتی دہشت گردی کا ثبوت ہیں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملہ بھارت نے کرایا، سکیورٹی کے خدشات پیدا کر کے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ منسوخ کرایا۔  اس کی مذموم کارستانیوں سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بہت عرصہ تک نہ ہوئی دنیا جان گئی کہ یہ کِیا دھرا بھارت کا ہے پاکستان محفوظ ملک ہے۔ ہٹ دھرم بھارت کے سوا دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آتی ہیں،ماحول ساز گار ہے اِس موقع پر بھارت نے سکیورٹی کی خدشات ظاہر کرتے ہوئے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا جسے بھارت میں ناپسند کیا جا رہا ہے یہ صرف خبث ہے، جو ہمیشہ بھارت کے باطن میں رہا ہے گرگٹ رنگ بدلتا رہتا ہے اِس کے باوجود پکڑا جاتا ہے شاہین اسے اُٹھا کر لے جاتا ہے ہمارے شاہین بھی تاک میں ہیں اِسی باعث چھپا بیٹھا ہے شکست سے خوفزدہ ہے اینٹ کا جواب پتھر نہ دیا جائے تو پتھر مارنے والے کا حوصلہ بڑھتا ہے ہم امن کی مالا ہاتھ میں لئے دنیا کو دکھا رہے ہیں دشمن گرگٹ کا لباس پہنے دنیا کو اُلو بنا رہا ہے، دنیا دانستہ خاموش ہے کہ بھارت بہت بڑی تجارتی منڈی ہے اس سے اچھے تعلقات ہمارے مفاد میں ہیں ہمارے کچھ رہنماء مثبت اشارے دے رہے ہیں قومی غیرت کا تقاضا ہے اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آتی تو میچ کسی دوسرے ملک میں نہ کھیلا جائے اِس میں زیادہ نقصان بھارت کا ہو گا،مالی اور سیاسی بھی۔ مزید یہ کہ پاکستان کی کوئی ٹیم بھی بھارت نہ جائے جب تک بھارت راہِ راست پر نہیں آ جاتا۔ بھارتی میڈیا کے اینکر اور مبصر پاکستان کو بھکاری ملک کہتے ہیں، جبکہ ہم بھارت کے لئے دیدہ و دِل فرشِ راہ کئے ہوئے ہیں۔ 

ہم ہیں مشتاق وہ ہیں بیزار

یا الٰہی یہ ماجرا کیا ہے

پاکستانی شہریوں کو بھی علاج کے لئے بھارت جانے سے روکا جائے اس غرض سے جانے والے بھی غیرت کا مظاہرہ کریں بھارتی شہری اس موضوع پر بھی طعنہ زنی کرتے ہیں۔ 

ٹوٹتا گرتا بھارت اپنے گھر کی خبر لے

ایسا نہ ہو کہ بلبل روتی چمن سے نکلے

اربابِ اختیار سے گزارش ہے کہ بھارت کو جواب اسی کی زبان میں دیں کھیل تجارت ثقافت ہر سطح پر اس کا بائیکاٹ کریں اِسی میں بہتری ہے اور مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی بھی ہے قومی وقار کا تقاضا بھی یہی ہے۔

٭٭٭٭٭

مزیدخبریں