جے یو آئی (ف) کا مذاکراتی کمیٹی میں عدم شمولیت کا اعلان، مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں، حکومت نے تعاون مانگا تو کردار ادا کر سکتے ہیں: مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مذاکراتی عمل کا حصہ نہ بننے کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ امن کوششوں کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں لیکن جے یو آئی مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 28 فروری 2013ءکے گرینڈ جرگے کو مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا تھا اور ہمارا طلب کردہ جرگہ مذاکرات کے حوالے سے بہتر کردار ادا کر سکتا تھا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں حکومت کی بنائی گئی کمیٹی اور طالبان کی جانب سے آنے والی تجاویز پر غور کیا گیا جس کے بعد مذاکراتی کمیٹی میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ، طالبان نے مفتی کفایت اللہ کا نام نیک نیتی کے ساتھ پیش کیا ہے تاہم مفتی کفایت اللہ پارٹی کافیصلہ ماننے کے پابند ہیں اور وہ اس فیصلے پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مذاکرات کے معاملے پر جے یو آئی سے مشاورت نہیں کی تاہم حکومت نے تعاون مانگا تو کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن جے یو آئی کا مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کمیٹیوں پر عدم اعتماد نہیں کر رہی بلکہ اپنی پوزیشن سے آگاہ کر رہی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ جے یو آئی نے سب سے پہلے مذاکرات کا معاملہ پارلیمینٹ میں لانے کا مطالبہ کیا۔