آٹوانڈسٹری کیلئے چارسالہ پروگرام شروع کرنے کی منظوری

آٹوانڈسٹری کیلئے چارسالہ پروگرام شروع کرنے کی منظوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (اے پی پی) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے اشتراک سے پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی پیداواریت اور معیار کی بہتری کیلئے تکنیکی معاونت پر مبنی ایک چار سالہ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری نے سمیڈا میں ایک اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے بتا یا کہ اس ضمن میں افہام و تفہیم کی ایک دستاویز طے پاگئی ہے جس پر میرے سمیت حکومت پاکستان کی طرف، سے اکنامک افیئرز ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری (جاپان) سید مجتبیٰ حسین ، وزارت صنعت و پیداوار کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر مختار احمد اور جائیکا کے چیف رپریزینٹیٹو مسو یوشی کاوا ساکی نے دستخط کئے ہیں۔مذکورہ دستاویز کے تحت جائیکا پاکستان میں تقریباً50 آٹو پارٹس یونٹوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور یہ معاونت چار سالہ پروگرام پر محیط ہوگی اور اس مقصد کے لئے جائیکا کے 5 ماہرین اپریل2015ء میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔ اور یہ ماہرین منتخب فیکٹریوں کی اپ گریڈیشن کے علاوہ سندھ اور پنجاب میں آٹو انڈسٹری کی بہتری کے موضوع پر متعدد ورکشاپس سے بھی خطاب کریں گے۔سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چودھری نے متذکرہ چار سالہ پروگرام کا پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں آٹو سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ اور مقامی وینڈرز بین الاقوامی آٹو مینوفیکچررز کی ضروریات کے مطابق آٹو پارٹس تیار کر رہے ہیں لیکن انہیں اپنی مصنوعات کے معیار، قیمتوں اور پیداواری نظام کے حوالے سے مسابقتی مشکلات کا سامنا ہے جنہیں دور کرنے کے لئے سمیڈا نے 2004ء سے جائیکا کے ساتھ اشتراک عمل شروع کر رکھا ہے۔ ماضی میں بھی جاپانی ماہرین پاکستان آکر مقامی وینڈرز کی تربیت کرتے رہے ہیں۔ اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لئے جائیکا کا ایک پلاننگ مشن22 ستمبر سے 10 اکتوبر تک پاکستان کے دورے پر رہا ہے اور اس دوران مذکورہ مشن نے سمیڈا اور آٹو انڈسٹری کی نمائیدہ ایسوسی ایشن’’ پاپام‘‘ کے تعاون سے لاہور اور کراچی میں موجود آٹو پارٹس کے یونٹوں کا سروے کیا۔ اس دوران 11 یونٹوں کا دورہ کر کے سروے رپورٹ مرتب کی تھی جس کی بنیاد پر مذکورہ چار سالہ پروگرام پر اس برس اپریل میں عملدرآمد شروع ہو رہا ہے۔

مزید :

کامرس -