تحریک انصاف بے وفاؤں کا ٹولہ ہے، وفا کی امید نہیں ، گیلانی

تحریک انصاف بے وفاؤں کا ٹولہ ہے، وفا کی امید نہیں ، گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ملتان(اے این این)سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بے وفاؤں کا ایک ٹولہ ہے ان سے وفا کی امید رکھنا درست نہیں ، سوئس حکام کو خط نہ لکھ کر آئین کی پاسداری ،ایک وقت میں دو چیف جسٹس نہیں ہو سکتے، ایک چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد افتخار چوہدری کوبحال کیا ۔ وہ پیر کو ملتان ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بے وفاؤں کا ٹولہ ہے عمران خان ے وفا کی امید رکھنا کسی صورت درست نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے مسلم لیگ ن بھی سنجیدہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف دینا چاہتی ہے تو پھر 40 ارب روپے کی میٹرو بس کی بجائے پہلے میرے دور حکومت ادھورے منصوبے مکمل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے حوالے سوئس حکام کو خط نہ لکھ کر آئین کی پاسداری کی کیونکہ یہ غیر آئینی اقدام تھا اور میں نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہوا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے بھی ملک میں آئین کی بالادستی کیلئے ہی مختلف تحریکوں میں حصہ لیا ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک میں سپریم کورٹ کے ایک وقت میں دو چیف جسٹس نہیں ہو سکتے اگر افتخار چوہدری اور جسٹس ریٹائرڈوگر کو ایک ساتھ سیٹ پر بیٹھاتا تو یہ آئین کے آرٹیکل6کی خلاف ورزی تھی اسی لیے جسٹس ڈوگر کے ریٹائرہونے کے بعد افتخار محمد چوہدری کو بحال کیا ۔

مزید :

صفحہ آخر -