پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں۔شہباز شریف

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں۔شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا براہ راست فائدہ عوام کوہر صورت منتقل کیا جائے اورمتعلقہ صوبائی وزراء ،ادارے و محکمے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے متحرک اورفعال کردارادا کریں۔لاہور سمیت پنجاب کے کسی شہر میں پٹرولیم مصنوعات کی پمپس پر عدم دستیابی کی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔اوورچارجنگ کرنے والے پٹرول پمپس مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یہ ہدایات یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلسل چوتھی بار پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے اوراس کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کیلئے تمام اقدامات کی میں خود نگرانی کروں گا۔انہوں نے کہا کہ عوام دوست اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک ہر صورت پہنچائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی یقینی بنائی جائے ۔اے سی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کو یقینی بنایا جائے اوراسی تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لاکرپٹرولیم مصنوعات کی کمی کے عوام دوست اقدام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے ٹھوس نتائج سامنے آنے چاہئیں اور اس ضمن میں کوئی حیلہ بہانہ نہیں چلے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض محکموں کی جانب سے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات نہ اٹھانے پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اورکہا کہ غفلت یا کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق، بلال یاسین، ایم این اے محمد افضل کھوکھر، ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وحید گل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ملک کو بے شمار چیلنجز درپیش ہیں،دہشت گردی کے خاتمے کا چیلنج سرفہرست ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ سب نے مل کر لڑنی ہے اس جنگ میں طلباء صحافیوں، سول سوسائٹی، علما اور معاشرے کے تمام طبقات کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔دہشت گردی کو کچلنے کے لئے معاشرے میں ہم آہنگی، رواداری اوربرادشت کو فروغ دینے کے لئے صحافی برادری کا کردار بھی بہت اہم ہے۔میڈیا کو تعمیری تنقید کے ساتھ رہنمائی اور اچھے کاموں پر اداروں کی حوصلہ افزائی بھی کرنی ہے۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت لاہور پریس کلب کے ممبران کی لائف انشورنس کا57لاکھ روپے کا سالانہ پریمیم ادا کرے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہاں لاہور پریس کلب کی نو منتخب گورننگ باڈی کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانامحمد ارشد، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر، نومنتخب صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، سیکرٹری افضال طالب، گورننگ باڈی کے عہدیداران ،سینئر صحافی، اینکر پرسنز، کالم نگار اور صحافیوں کی بڑی تعداد تقریب حلف برداری میں موجود تھی ۔ وزیراعلیٰ نے نو منتخب صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداران سے حلف لیا۔لاہو رپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کے لئے لاہور پریس کلب کی تاحیات اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والی لاہو رپریس کلب کی گورننگ باڈی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہو ں کہ لاہورپریس کلب کے نو منتخب عہدیداران صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے پہلے سے زیادہ متحرک انداز میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور پریس کلب کے عہدیداران نے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اچھے اقدامات اٹھائے ہیں۔ صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کی سکیم بھی انتہائی شاندار ہے ۔پنجاب حکومت پریس کلب کے ممبران کی لائف انشورنس کا 57لاکھ روپے کا سالانہ پریمیم ادا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ صحافی برادری کے دیگر مطالبات کے حوالے سے جامع پلان مرتب کیا جائے اور ان کی سماجی و معاشرتی ضروریات کو مدنظر رکھ کر قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے۔ایسے پروگرام کا دائرہ کار نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب بھر میں وسیع کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے لاہورپریس کلب کے نو منتخب صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ صحافی برادری نے آ پ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیاہے، اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے پہلے سے زیادہ متحرک انداز میں اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ جن شہروں میں صحافی برادری کے لئے ہاؤسنگ کالونیاں نہیں ہیں اس حوالے سے مل کر منصوبہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت او رجمہوری ادار وں کے ا ستحکام کے لئے صحافی برادری کا کردار بہت اہم رہاہے۔صحافی برادری نے اپنی محنت اور قربانیوں سے آزادی حاصل کی ہے۔معاشرے کے ہر طبقے کو تمام تر توانائیاں یکجا کر کے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صرف کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کئی جہتیں ہیں ، یہ جنگ ایک رات میں شروع ہو ئی نہ ایک رات میں ختم ہوگی۔ پنجاب حکومت نے ڈ یڑھ برس کی شبانہ روز محنت کے بعد جدید پیشہ وارانہ خطوط پر انسداد دہشت گردی فور س تشکیل دی ہے۔انسداد دہشت گردی فورس کے لئے تمام وسائل پنجاب حکومت نے فراہم کئے ہیں۔انسداد دہشت گردی کا دوسرا بیچ اپریل او رتیسرا جولائی، اگست میں پاس آؤٹ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں انتہاء پسندی ، دہشت گردی او رفرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ۔دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیزی سے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر تیز رفتاری سے آگے بڑھناہوگا۔ معاشرے کے ہر طبقے کو تمام تر توانائیاں یکجا کر کے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صرف کرناہوں گی۔انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو یکجان دوقالب کر دیاہے۔ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت میں جیتنا ہے۔راستہ کٹھن ہے لیکن ہم سب نے یکسوئی اور مربوط کوآرڈینیشن کے ساتھ فرائض ادا کئے تو فتح پاکستان کی ہوگی۔مشکلات پر قابو پانے کے لئے عزم اور نئے جذبے سے کام کرنا ہے۔بندوق کی گولی کے ساتھ مساوات، تعلیم ،صحت او رانصاف کی گولیاں بھی ضروری ہے۔پنجاب حکومت نے گزشتہ ساڑھے 6سالوں کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں میرٹ او ر شفافیت کو فروغ دیا گیاہے۔ تعلیم ، صحت ،پولیس تمام محکموں میں بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔انسداد دہشت گردی فورس میں بھی تمام بھرتی میرٹ پر ہی کی گئی ہے۔لاہو رپریس کلب کے نومنتخب صدرارشد انصاری نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف محسن صحافت ہیں جن کی کاوشوں سے لاہور جرنلسٹ ہا ؤسنگ سوسائٹی سے قبضہ گروپو ں کا خاتمہ ہوا۔ہمیں یقین تھا کہ یہ جراتمندانہ کام صرف شہبازشریف ہی کرسکتے تھے۔ انہوں نے صحافیوں کو حق دلا کر ان کے حوصلے بلند کئے ہیں اور اب وہ مزید بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہاکہ مزید 300صحافیوں کو رہائشی پلاٹس دینے کیلئے ایف بلاک شہباز شریف کا ایک اور شاندار کارنامہ ہے او رانہوں نے اس اقدام کے ذریعے صحافیوں کے دل جیت لئے ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ اس بلاک میں وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں۔

لاہور)جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل ایک تاریخی اقدام ہے۔ یہ فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ ثابت ہوگی۔انسداد دہشت گردی فورس جدید اورپیشہ وارانہ تربیت سے پوری طرح لیس ہے ۔انسداد دہشت گردی فورس، دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔وہ آج یہاں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ،جس میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، صوبائی وزیر قانون میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان پرپوری طرح عملدر آمد کررہی ہے اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔نفرت انگزیز مواد کی اشاعت و تقسیم ،لاؤڈ سپیکر کے ناجائز استعمال کے خلاف سزاؤں کے قوانین کو مزیدسخت کیاگیا ہے اور وال چاکنگ کی پابندی پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دے کروزیراعظم نوازشریف کے ویژن کو برق رفتاری سے عملی جامہ پہنایاگیا ہے ۔ انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل میں صوبے کی سیاسی و انتظامی ٹیم نے شبانہ روز محنت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، متعلقہ اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ محکموں کے حکام کو فورس کی تشکیل میں بھرپور معاونت پر مبارکباد اور شاباش دی۔پنجاب کی سیاسی و انتظامی ٹیم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل میں بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب کی انتظامی کمیٹی کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل میں تمام متعلقہ اداروں اور محکموں نے محنت کے ساتھ کام کیا ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ ایک شاندار اور پروقار تقریب تھی۔پاسنگ آؤٹ تقریب کو کامیاب بنانے پر تمام وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور دیگر افسران نے بھرپور محنت کی جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے۔ پاکستان کے دشمنوں کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو ان کی زبان میں سخت ترین جواب دیا جائے گا۔قوم کا مستقبل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے جڑا ہوا ہے۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب کی انتظامی کمیٹی کے ممبران نے شاندار صلاحیتوں اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس میں ان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، صوبائی وزیر قانون میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور، ڈی جی پروٹوکول، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر اورانتظامی کمیٹی کے دیگر ممبران نے استقبالیہ میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -