سوات آرمی یونٹ پر خود کش حملہ ، افسر سمیت 11جوان شہید ، 13زخمی
سوات(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ میں کھیل کے میدان پر خود کش حملہ کیا گیا ہے ،اس خود کش حملے میں ایک افسر سمیت پاک فوج کے11جوان شہید جبکہ 13زخمی ہوگئے ہیں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سوات کی تحصیل کبل میں آرمی یونٹ کے کھیل کے میدان میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ، اس دہشت گردانہ حملے میں ابتدائی طور پر 3 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے ، اب ان شہدا کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور زخمی ہونے والے 7 مزید جوان جام شہادت نوش کر گئے ہیں جس کے بعد شہدا کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں پاک فوج کا ایک افسر بھی شامل ہے ، سوات کی تحصیل کبل کے علاقے شریف آباد میں ہونے والے اس خود کش حملے میں پاک فوج کے 13 جوان زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ اس حملے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کی کارراوئیاں شروع کردی ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔