متعداد اشیاء کے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کردی ،ایف بی آر

متعداد اشیاء کے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کردی ،ایف بی آر

لاہور(نیوز رپورٹر)حکومت نے معاشی اصلاحاتی پیکیج کے تحت مقامی صنعتوں کے کاروبار اور برآمدات کو فروغ دینے کی غرض سے درجنوں اقسام کے خام مال اور جزوی خام مال پر کسٹم ڈیوٹیز کی شرح میں کمی کردی ہے ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جاری کردہ کسٹمز ڈیوٹیز میں رد و بدل کی طویل فہرست کے مطابق اسٹیل کے خام مال اور جزوی خام مال کی کسٹم ڈیوٹیز کم کردی گئی ہیں جبکہ اسٹین لیس اسٹیل کے وائر اور دیگر ایلوائے اسٹیل مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی 5 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد، ہائی اسپیڈ اسٹیل کے بارز اور راڈز پر عائد 5 فیصد کسٹم ڈیوٹی کو صفر کردیا گیا ہے ۔ کسٹمز ایکٹ کے ففتھ شیڈول میں کی گئی ترامیم کے تحت حکومت نے خام مال کی وسیع رینج پر کسٹمز ڈیوٹیز میں نمایاں کمی تجویز کی ہیں۔ سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ جوتے کے کارخانوں کی جانب سے مختلف اشیا کی درآمدی ڈیوٹیز 20سے کم کرکے 3فیصد کردی گئی ۔علاوہ ازیں چمڑا سازی کی سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ صنعتوں کے لیے مختلف اشیا بشمول کیمیکلز اینڈ ڈائز پر کسٹمز ڈیوٹیز 20سے کم کرکے 3فیصد کردی ہے ۔ حکومت نے کیمیکلز کی مقامی صنعتوں کے کاروبار کو فروغ دینے کی غرض سے کیمیکلز کی تیاری میں استعمال ہونیوالے مختلف اقسام کے خام مال اور ہوم اپلائنسز سرامکس (ٹائلز)فرنیچر دستانے اور دیگر لیدر مصنوعات میں استعمال ہونیوالے خام مال پر کسٹم ڈیوٹیز کو بھی ختم کردیا ہے۔

مزید : کامرس


loading...