سٹیل مل کی بحالی ‘نئی انتظامیہ اور بورڈ کی تشکیل نو کی جائے، سی بی اے

سٹیل مل کی بحالی ‘نئی انتظامیہ اور بورڈ کی تشکیل نو کی جائے، سی بی اے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹیل مل کی سی بی اے انصاف لیبر یونین نے ادارے کی بحالی کے لیے پروفیشنل انتظامیہ کی تقرری اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کا مطالبہ کردیا ہے ۔ اسٹیل مل کی سی بی اے کی جانب سے اس ضمن میں سیکریٹری صنعت و پیداوار کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسٹیل مل کی بحالی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں،تاہم ادارے کی جلد بحالی کے لیے فوری پروفیشنل انتظامیہ کا تقرر کیا جائے جب کہ ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی تشکیل نو کی جائے ۔ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹ ٹرسٹی فنڈ کی رقم میں کرپشن کی گئی،فوری تحقیقات کی جائے ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پروفیشنل میٹالرجیکل انجینئر کو شامل کیا جائے جب کہ بورڈ کی تشکیل نو کے بعد اسے بااختیار بنایا جائے اور بورڈ چیئرمین کو ہی اسٹیل مل کی چیئرمین شپ کا منصب دیا جائے کیوں کہ اس سے قبل اسٹیل مل کا چیئرمین ہی بورڈ آف ڈائریکٹرز کا بھی چیئرمین ہوتا تھا ۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹیل مل کا مجموعی خسارہ اور واجبات450ارب روپے سے بڑھ گئے ہیں۔ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں میں 2012سے کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا جب کہ ملازمین کے اسکیل بھی ریوائز نہیں ہوسکے ہیں۔ 2010 سے ملازمین کی ترقیوں کا عمل بھی رکا ہوا ہے اور ملازمین کی طبی اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں بھی بند کردی گئی ہیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی کا مسئلہ سنگین صورتحا ل اختیار کرچکا ہے ۔اسٹیل مل ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ اور گریجویٹ ٹرسٹی فنڈ کی رقم میں کرپشن کی گئی،اس رقم کو دیگر مد میں استعمال کیا گیا جو کہ غیر قانونی تھا ۔سی بی اے نے سیکریٹری صنعت و پیداوار سے ملازمین کی رقم کی دیگر مد میں استعمال کی تحقیقات کی بھی درخواست کی۔

مزید :

کامرس -