ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،مولانا عبدالوہاب روپڑی

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،مولانا عبدالوہاب روپڑی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی ) امیر جماعت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر سمیت دیگر رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کیخلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے۔ حکومت عوام سے دو وقت کی روٹی چھیننے سے باز رہے۔ عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طو رپر ناکام ہو جانے والی حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں ورنہ عوام دشمن پالیسیاں حکومت کو لے ڈوبیں گی۔ حافظ عبدالوہاب روپڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خور ایل پی جی سلنڈر منہ مانگے داموں فروخت کر رہے ہیں ۔

جبکہ ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ حکومت کی جانب سے گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے صنعتی پہیہ جام اور بے روزگاری میں اضافہ ہو چکا ہے۔


پوری عوام کی نظریں تحریک انصاف حکومت اور عمران خان کی طرف لگی ہوئی ہیں مگر حکومت کی جانب سے غریب کش پالیسیاں ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ اقتدار میں آنے سے قبل کیے گئے وعدے اور دعوے ’’ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور، کھانے کے اور‘‘ کے مترادف ہیں۔ ایل پی جی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب آدمی کا چولہا بجھانے کی سازش ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی و بیروزگاری اور اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافی کی صورتحال سے پریشان ہیں۔ ایل پی جی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے چہیتے وزراء روز میڈیا پر آ کر عوام کو طفل تسلیاں دیتے اور سبز باغ دکھاتے ہیں مگر عملی طور پر بالکل اس کے برعکس عوام پر ٹیکسز، گیس و پٹرولیم مصنوعات اور حج پیکجز میں اضافے کے بم مسلسل گرا ئے جا رہے ہیں۔ جماعت اہل حدیث پاکستان کے ترجمان مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے سے باز رہے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف مہیا کریں۔