سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید پشاور زلمی کی خیرسگالی سفیر مقرر

نامور پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کو پشاور زلمی کی خیرسگالی سفیر مقررکیا گیا ہے۔ پاکستانی شوبز اسٹار اور ماڈل ثنا جاوید کو پشاور زلمی کی خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ثنا ء جاوید پی ایس ایل سیزن فور میں پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی۔ چیئرمین پشاور زلمی نے ثنا جاوید کو فرنچائز کاحصہ بننے پر خوش آمدید کا پیغام دیا ہے۔یاد رہے کہ ڈراماسیریل ’’خانی‘‘ ’’رومیو ہیر‘‘ جیسے میگا ہٹ ڈراموں میں اداکاری سے لاکھوں دلوں میں گھر کرنے والی ثنا جاوید کا شمار اس وقت پاکستان کی مقبول ترین نوجوان اداکاراؤں میں ہوتاہے۔

قطر پہلی بار فٹ بال میں ایشین چمپئن بن گیا

ایشین کپ فٹبال میں جاپان کو شکست دیکر قطر پہلی بار فٹ بال میں ایشین چمپئن بن گیا۔قطر نے ایشین کپ فٹبال جیت کر تاریخ رقم کردی، 2022 ورلڈ کپ کی میزبانی پانے والے خلیجی ملک نے فائنل میں جاپان کی مضبوط سائیڈ کو 3۔1 سے شکست دے دی۔المعیز علی نے 9 گول داغ کر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز اپنے نام کرلیا، فاتح الیون کیلئے عبدالعزیزحاتم اور اکرم عفیف نے بھی ایک ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا، جاپان کا خسارہ تاکومی نے کم کیا۔واضح رہے کہ سیمی فائنل میں قطر نے میزبان یواے ای کو 4۔0 سے مات دی تھی جب کہ جاپان نے ایران کیخلاف 3۔0 سے فتحیاب ہوکر ٹائٹل میچ میں جگہ بنائی تھی۔

56ویں قومی بیڈ منٹن چیمپین شپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

واپڈاسپورٹس بورڈ کی جانب سے 56ویں قومی بیڈ منٹن چیمپین شپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ واپڈا ہاؤس میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین واپڈا / واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) تھے جنہوں نے کھلاڑیوں اور ان کے کوچز میں نقد انعامات تقسیم کئے ۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے عہدیداران اور واپڈا آفیسر بھی موجود تھے۔نقد انعامات علی مہدی ، عظیم سرور ، عون عباس ، محمد عتیق ، اویس زاہد ، زونین ، حاشر بشیر ، وقاص احمد ، ماحور شہزاد ، سہرہ اکرم ، انیلا ارشاد ، صائمہ وقاص ، ہما جاوید ، خضرہ ، ظفر تسنیم اور ہارون جاوید کو دیئے گئے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ویمن ٹیم ٹائٹل کے علاوہ مینز اور ویمنز سنگل ٹائٹل بھی واپڈا کے کھلاڑیوں علی مہدی اور ماحور شہزاد نے جیتے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو اِن کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ واپڈا کے کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ واپڈ اایک ادارے کی حیثیت سے اپنے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کی بہبود کے لئے اقدامات اٹھا کر ملک میں کھیلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا ہماری شناخت ہے اور ہمیں اس پر فخر ہونا چاہئے۔واضح رہے کہ واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف ملکی سطح پر اپنے جوہر دکھا رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی کامیابیاں پاکستان کے نام کر رہے ہیں ۔ اس وقت واپڈا کی ٹیموں کو 26کھیلوں میں فاتح اور 19 کھیلوں میں رنرز اپ کا اعزاز حاصل ہے ۔ واپڈا کھلاڑیوں کو روز گار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور 22 سو سے زائد کھلاڑی اور سپورٹس عملہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے ملک بھر میں موجود مختلف یونٹس میں برسر روز گار ہیں ۔ واپڈا کی 66 ٹیمیں ہیں جن میں 37مرد اور 29خواتین ٹیمیں شامل ہیں ۔

ورلڈ کپ، وارم اپ میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا

ضرور پڑھیں: ڈالر سستا ہو گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ 2019کے وارم اپ میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، شیڈول کے مطابق تمام ٹیمیں دو دو وارم اپ میچ کھیلیں گی۔پاکستان 24 مئی کو افغانستان اور 26 مئی کو بنگلا دیش سے مقابلہ کرے گا۔ رواں سال انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم بنگلہ دیش اور افغانستان کیخلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔میگا ایونٹ سے پہلے ہر ٹیم کو 2،2 پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع ملے گا، پاکستان ٹیم 24مئی کو برسٹل کانٹی گراونڈ میں افغانستان کے خلاف اپنی تیاریوں کی جانچ کرے گی۔ دوسرا مقابلہ کارڈف ویلز اسٹیڈیم میں 26 مئی کو بنگلہ دیش سے ہوگا۔وارم اپ میچز 50اوورز پر مشتمل ہوتے ہیں، پریکٹس کیلیے ٹیمیں اپنے 15رکنی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں میں سے کسی کو بھی بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کیلیے بلا سکتی ہیں،ان مقابلوں کو انٹرنیشنل ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاتا۔ وارم اپ میچز 24 سے 28 مئی تک مکمل ہوں گے، ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی سے ہونا ہے۔

18ویں قومی نیٹ بال چمپئن شپ 29 مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام 18ویں قومی نیٹ بال چمپئن شپ 29 مارچ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگی۔پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی 18 ٹیموں کو دعوت بھیج دیئے گئے ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائرایجوکیش کمیشن، لاہور گرامرز سکول، لمز یونیورسٹی لاہور، پاکستان انٹر بورڈز، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چمپئن شپ میں پہلی ٹاپ پانچ پوزیشن پر آنے والی ٹیمیں کوئٹہ میں کھیلی جانے والی نیشنل گیمز میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ چمپئن شپ کا فائنل 2 اپریل کو کھیلا جائیگا جس کے اختتام پر چمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کئے جائیں گے۔

15برس کے بعد دوبارہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، انیسہ محمد

ویسٹ انڈین ویمن کرکٹرانیسہ محمدنے کہاہے کہ 15 برس بعد مجھے دوبارہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا،اس دوران یہاں کرکٹ سمیت بہت ساری چیزوں میں تبدیلی آئی ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ثقافت اور سماجی نظام بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے کافی مماثلت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2013کے ورلڈکپ کوالیفائر کے فائنل میں پاکستان کے خلاف 14 رنز کے عوض 7 وکٹوں کو وہ اپنی یاد گار بولنگ پرفارمنس تصور کرتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ دنیا کا نمبر ون باؤلر بننا میرا خواب ہے۔

مزید : ایڈیشن 1


loading...