ریلوے پولیس کا ٹرینوں میں رقم لیکر مسافر بٹھانے کا ’’بزنس ‘‘’’اوپرتک حصہ‘‘

ریلوے پولیس کا ٹرینوں میں رقم لیکر مسافر بٹھانے کا ’’بزنس ‘‘’’اوپرتک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( سٹاف رپورٹر)وزیرریلوے کے احکامات کے باوجود پولیس کی جانب سے ٹرینوں میں پیسے لے کر مسافروں کو بٹھانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔جنہوں نے بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف مہم ناکام بنادی ہے۔محکمہ کو ہر ماہ اس مد میں کر وڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔اس حوالے(بقیہ نمبر45صفحہ12پر )

سے ذرائع نے بتایا کہ وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے ملک بھرمیں چلائی جانے والی ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کررکھی ہے اور حالیہ دورہ ملتان میں بھی انہوں نے واضح کردیا تھا کہ اس معاملے پر ان کی گہری نظر ہے لہٰذا اس مہم کو کامیاب بنایا جائے بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ دوسری طرف ریلوے پولیس اہلکاران نے ٹرینوں میں مسافروں کی سکیورٹی کے انتظامات کو نظر انداز کرکے مسافروں کو ٹکٹیں فروخت کرنے کا دھندہ شروع کررکھا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اہلکاران ٹرینوں میں اپنی ڈیوٹیاں لگوانے کے عوض اپنے انچارجوں کو نہ صرف ماہانہ بھاری رقم دیتے ہیں بلکہ ان کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے انہیں تحائف بھی دیئے جاتے ہیں اور ٹرینوں میں ڈیوٹی دینے والے ایس ٹی ایز اور گارڈز کے ساتھ ملی بھگت کرے نہ صرف اپنی مختص سیٹیں اور برتھیں فروخت کرتے ہیں بلکہ مختلف کوچز میں خالی سیٹوں اور برتھوں پر بھی انہیں بٹھا کر ان سے ’’کرایہ‘‘ وصول کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ پاور پلانٹ، ٹی ایل ون، ڈاک کے لئے مختص کوچ، لیکج وین میں بغیر ٹکٹ مسافروں کی بڑی تعداد پولیس اہلکاروں کو پیسے دے کر سفر کرتی ہے۔پولیس اہلکار ایک ڈویژن سے دوسرے ڈویژن تک دوسرے تھانوں کے اہلکاران کے ساتھ ان مسافروں کا تبادلہ کرتے ہیں اور انہیں باحفاظت ٹرینوں میں لے جاتے ہیں اور منزل مقصود پرپہنچ کر سٹیشنوں سے باہر بھی چھوڑ کرآتے ہیں ذرائع کے مطابق اس طرح یہ اہلکار ماہانہ ہزاروں اور سالانہ لاکھوں روپے کماکر ریلوے کو بھاری مالی نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ تھانہ انچارج، ڈی ایس پی اور ایس پیز کو بھی اس مد میں بڑی رقم پہنچا دی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے ملتان ڈویژن دیگر ڈویژنوں سے بڑا ہے جہاں یہ دھندہ عروج پر ہے اور آج تک کسی بھی پولیس اہلکار کے خلاف اس حوالے سے کارروائی نہیں کی گئی جبکہ پولیس افسران ٹرینوں میں تعینات اپنے ماتحت اور کماؤ عملہ کی سرپرستی کررہے ہیں جبکہ اس معاملے کا ڈی سی او ریلوے کو بھی علم ہے لیکن انہوں نے بھی خاموشی اختیار کرکے اس مہم کو ناکامی سے دو چار کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف مہم شروع اورکامیاب کرنے سے قبل عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ تعینات پولیس افسروں کے تبادلے اور پولیس اہلکاران کا محاسبہ بہت ضروری ہے۔اس بارے میں رابطہ کرنے پر ریلوے حکام نے بتایا کہ مفت سفر کرنے والے مسافروں اور ان کے ساتھ ملی بھگت کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔مفت سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف پرچے درج کرائے جائیں گے۔ملو ث اہلکاروں کو بھی سخت سزائیں دی جائیں گی ۔اس سلسلے میں وزیر ریلوے کے احکامات پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ریلوے پولیس