تھائی لینڈ کے دارلحکومت میں آلودگی کے خلاف میٹھے پانی کا سپرے

تھائی لینڈ کے دارلحکومت میں آلودگی کے خلاف میٹھے پانی کا سپرے

بنکاک (این این آئی )تھائی لینڈ میں فضائی آلودگی اس سطح تک پہنچ چکی ہے کہ ہوا سے گرد اور صحت کے لیے خطرناک ذرات کو صاف کرنے کے لیے حکام بالا روایتی طریقوں سے ہٹ کر طریقے آزما رہے ہیں تاہم اس مسئلے کے حل کے لیے تھائی لینڈ کی بلدیہ نے شکر ملے میٹھے پانی کا چھڑکاو کرنا شروع کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بینکاک میں فضائی آلودگی کم کرنے کے اس طریقے کو مقامی میڈیا انتہائی قدم قرار دے رہی ہے۔دوسری جانب یسٹ سارٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے نباتاتی کیمیا ء کے پروفیسر ڈاکٹر ویرہ چائی نے کہا کہ پانی کو گاڑھا کر دینے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ اسپرے کے لیے جو آلہ جات استعمال کیے جا رہے ہیں وہ اس قابل نہیں ہیں کہ وہ اس پانی کو آبی بخارات میں تبدیل کر سکیں۔

جس پر گرد اور آلودگی کے ذرات چپک سکیں۔یہ ذرات حجم میں 2.5 مائیکرون کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بخارات صرف 10 مائیکرون تک کے ذرات کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ اس پانی کی وجہ سے ہوائی کثافت بڑھنے کے بھی خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں زہریلے اسموگ اور بچوں کو اس کے نقصان دہ اثرات سے بچانے کے لیے 400 سے زائد اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کروا دیے گئے ہیں۔بینکاک کو تاریخ کی بد ترین فضائی آلودگی کی سطح کا سامنا ہے اور اس کی وجہ گرد کے بے انتہا باریک ذرات بتائے جا رہے ہیں جنہیں پی ایم 2.5 کا نام دیا جا رہا ہے۔

مزید : علاقائی


loading...