گھریلوجھگڑ ے پر شوہر نے بیوی کی جان لے لی ، نوعمرلڑکی کی خودکشی
لاہور (کرائم رپورٹر)شادباغ کے علاقہ میں شوہر نے غصہ میں بیوی کو سرمیں ڈنڈا مار کر ہلاک کردیا ،رائیونڈ کے علاقہ میں 15سالہ لڑکی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق نیو شادباغ کے رہائشی کاشف کا اپنی بیوی ثمینہ بی بی جوکہ تین بچوں کی ماں تھی کے ساتھ کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا جس پر شوہر نے ڈنڈے سے اس کے سر پر وار کیا ، مقتولہ کوشدید زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی ۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کے لاش اپنی تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر تے ہوئے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاتاحال ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکا۔ رائیونڈ سٹی کے علاقہ میں 15سالہ شزا نامی لڑکی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جس سے اس کی حالت غیر ہونے پر اسے فوری طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لے کرضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے سپرد کردی جو اسے تدفین کیلئے اپنے آبائی گاؤں کوٹ رادھا کشن لے گئے ۔