سائل سے اچھا برتاؤ پولیس کا فرض ہے،سی سی پی او

سائل سے اچھا برتاؤ پولیس کا فرض ہے،سی سی پی او

لاہور(کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بی اے ناصر نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ پولیس کے پاس آنے والے شہریوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا جائے۔ مشکل میں تھانے آنے والے سائل کو کرسی پر بٹھانے یا مصافحہ کرنے پر کوئی خرچ نہیں آتا، شہری کی بات کو تحمل سے سننا اور قانون کے مطابق عملدرآمد کرنا پولیس پر فرض ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس دربار سے خطاب کررہے تھے جس میں ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید،ڈی آئی جی سکیورٹی عمران احمر، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس ایس پی ایڈمن منتظر مہدی، ایس پی ہیڈکوارٹرکرار حسین شاہ اور دیگر اعلیٰ افسر بھی موجود تھے۔ دربار میں پولیس ملازمین نے اپنے مسائل سے آگاہ کیاجس پر سی سی پی او نے موقع پر احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن نجی تعلیمی اداروں میں پولیس کے حاضر سروس یا شہید ملازمین کے بچوں کی تعلیم کے معاہدے ہیں ان میں توسیع کے لئے اقدامات کئے جائیں۔۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو پولیس سروس کو فخر کا باعث اور وردی کو عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھنا ہوگا۔ شہری کسی مشکل میں ہی پولیس سے رجوع کرتا ہے۔ پریشانی میں سائل بعض اوقات سخت بات بھی کرسکتا ہے لیکن پولیس ملازمین برداشت کا مظاہرہ کریں۔ اور قانون کے مطابق شہری کی مدد کریں۔ خدمت خلق کو افضل عبادت قرار دیا گیا ہے۔ مظلوم کا ہاتھ پکڑنا آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ بی اے ناصرنے کہا کہ وردی کے ذریعے پولیس ملازمین جنت کما سکتے ہیں۔ پولیس افسر اور ملازمین اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی دباؤ قبول نہ کریں۔ پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں صرف قانون کو مدنظر رکھا جائے۔ عدالت سے جرم ثابت ہونے تک ہر ملزم کو بے گناہ ہی سمجھا جائے۔ جعلی ریکوری کرنے اور ٹاؤٹ کلچر کی حوصلہ افزائی کرنے سے گریز کیا جائے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس ملازمین اپنے جائز کاموں کے لئے بلاروک ٹوک مجھ سمیت اعلیٰ افسروں سے رابطہ کریں تاہم قانون شکنی کی کوئی کوشش ہر گز برداشت نہیں کی جائے۔ پولیس ملازمین کی ترقی کے کیس جلدنمٹانے کی پالیسی پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

مزید : علاقائی


loading...